حکومت نے سخت ایکشن لینے کی تیاریاں کرلیں، فرح خان کی مشکلات میں مزید اضافہ

حکومت نے سخت ایکشن لینے کی تیاریاں کرلیں، فرح خان کی مشکلات میں مزید اضافہ
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دیرینہ سہیلی فرح خان کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ حکومت نے ان کیخلاف سخت ایکشن لینے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب) نے فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے خلاف تحقیقات کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے کارروائیوں کو تیز کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ فرح خان کا اصل نام فرحت شہزادی ہے۔ وہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی انتہائی قریبی دوست ہیں۔ فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کا پہلی مرتبہ نام 2018ء میں اس وقت آیا تھا جب ان پر عمران خان کی حکومت بننے کے بعد پولیس کی جانب سے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کے اہل خانہ کی گاڑی روکنے پر پاکپتن کے ڈی پی او رضوان گوندل کو تبدیل کروانے کا الزام عائد کیا گیا۔

فرح خان اور ان کے شوہر کے مشتبہ بینک اکاؤنٹس کی معلومات کے لئے مختلف بینکوں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ نیب نے فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے ٹیکس ریکارڈ اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ کے حصول کے لئے ایف بی آر کو بھی مراسلہ بھیجا ہے۔ دونوں کی مبینہ کمپنیوں کا ریکارڈ جمع کرنے کے لئے ایس ای سی پی کو خط بھیجے گئے ہیں۔

فرح خان پر الزام لگایا جاتا ہے کہ وفاق اور پنجاب میں اہم سرکاری اور انتظامیہ عہدوں پر تقرریاں اور تعیناتیاں ان کی ہدایت پر ہوتی تھیں اور وہ اس کے لئے باقاعدہ کمیشن بھی وصول کرتی تھیں۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ کی دوست فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے خلاف نیب قانون کے سیکشن 19 کے تحت معلومات اکھٹی کی جارہی ہیں، اس سلسلے میں مختلف اداروں کو 100 سے زائد مراسلے ارسال کئے گئے ہیں۔

فرح خان اور ان کے شوہر بیرون ملک موجود ہیں، وہ خود پر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق وزیراعظم عمران خان بھی فرح گجر کو بالکل بے قصور قرار دے چکے ہیں۔