فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سابق چیئرمین شبر زیدی نے کہا کہ پاکستان کی سری لنکا جیسی صورتحال ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ فی الحال پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔
یہ بات انہوں نے 92 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ملک چلانے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کا استعمال کم کیا جائے۔ حکومت کو جلد از جلد فیصلہ کرنا ہوگا کہ اس نے اپنا سیاسی نقصان کرنا ہے یا ملک چلانا ہے؟
سابق چیئرمین ایف بی آر کا ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ نے جو بھی کرنا ہے فیصلہ کریں، یہ سیاسی نہیں معاشی فیصلہ ہے۔ اگر یہ پٹرول کی قیمت نہیں بڑھاتے تو ڈالر مہنگا ہوتا رہے گا۔
Country default e.g Argentina & now Sri Lanka. But Pakistan is not in this position.We are manageable & my article on the matter in Business Recorder in a day or so.This mess created by those in Govt from 1976 to 2018. Read IMF report of Feb2022. Those who made Pakistan save it.
— SyedShabbarZaidi (@SShabbarZaidi) May 17, 2022
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس فیصلہ کرنے کے لئے آئندہ 48 گھنٹے انتاہئی اہم ہیں۔ تاہم پاکستانی معیشت کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے وقت درکار ہوگا۔
شبر زیدی نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) جو کہہ رہا ہے اس پر عمل کیا جائے۔ آئی ایم ایف کی اگر شرائط تسلیم نہیں کرنی تو اعلان کیا جائے۔ سوال یہ ہے کہ آپ نے معیشت کے بنیادی مسائل حل کرنے ہیں کہ نہیں؟
انہوں نے کہا کہ فی الحال ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خدشہ نہیں، آئی ایم ایف کے سوا حکومت کے پاس کوئی آپشن نہیں۔ آئی ایم ایف سے جلد معاہدہ کیا جائے۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں شبر زیدی نے ایک چونکا دینے والا بیان جاری کرکے عوام کے رونگٹے کھڑے کر دیئے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ لوگوں کو دھوکا نہ دیا جائے، پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب میں شبر زیدی کا کہنا تھا کہ میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ ہمارا ملک پاکستان بینک کرپٹ (دیوالیہ) ہو چکا ہے۔ ہم لاکھ کہتے رہیں کہ سب کچھ بہت اچھا ہے، سب ٹھیک ہے لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔
یہ کہنا غلط ہے کہ سب ٹھیک ہے تبدیلی آ گئی ' لوگوں کو دھوکہ نہ دیں پاکستان دیوالیہ ہو چکا ۔ شبر زیدی pic.twitter.com/WmqhlqjjLQ
— Syed Kousar Kazmi (@SyedKousarKazmi) December 15, 2021
ان کا کہنا تھا کہ یہ باتیں کرنا کہ ملک بڑا اچھا چل رہا ہے، ہم بڑی تبدیلی لے آئے ہیں، بالکل غلط ہیں۔ ہم سمجھتا ہوں کہ پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہے۔
شبر زیدی نے کہا تھا کہ یہ تسلیم کرنا زیادہ ٹھیک ہے کہ ہم بینک کرپٹ ہو چکے ہیں، بجائے اس کے کہ یہ کہا جائے کہ پاکستان میں سب اچھا چل رہا ہے۔ میں یہ کر دوں گا، میں وہ کر دوں گا، میں یہ لے آئوں گا۔ یہ باتیں کرنا عوام کو صرف دھوکا دینے کے مترادف ہیں۔