مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا: آرمی چیف

مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کہا ہے کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ ہمارے پاس ایسی مائیں ہیں جو اپنے لختِ جگر، ہماری ایسی بہنیں ہیں جو اپنے شوہر اور ایسے بچے ہیں جو اپنے والد اس ملک پر قُربان کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں۔

جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہداء اور غازیوں کی تقریب سے خطاب کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آج کل بلوچستان میں ہیضہ پھیلا ہوا ہے، وہاں پانی کی کمی ہے اور میرے بتائے بغیر وہاں پر فوج پہنچ کر اُن لوگوں کی خدمت کر رہی ہے، صاف پانی مہیا کر رہی ہے اور ہم اپنی اس خدمت پر، اس کام پر ہم اپنا فخر محسوس کرتے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ میں کہتا ہوں کہ یہ ملک آپ لوگوں کی قُربانیوں کی وجہ سے زندہ ہے اور میں آپ کو سلام پیش کرتا ہوں کہ آپ لوگوں کی قُربانیوں کی وجہ سے آج پاکستان محفوظ ہے۔یہ فوج ہی ہے جو صُبح سے شام تک پاکستان کے ہر چپہ، کیا سیلاب ہو، کیا طوفان ہو، کیازلزلہ ہو یا کووڈہو۔ ہر جگہ فوج آپ کو ملے گی۔ کوئی حادثہ ہو فوج بتائے بغیر وہاں پہنچ جاتی ہے۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1526982918165647360?s=20&t=rG9XO0DXnjfPBkl1SSAOgA

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کوئی قوم اور ملک اپنے شہداء کی قربانی کا صِلہ پیش نہیں کر سکتا۔ کوئی مادی قوت، دولت یا پیسہ اُس کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم شہداء کے ورثاء ، اُن کے خاندان ، بیواؤں اور والدین کی دیکھ بھال کریں جو انشاء اللہ ہم کریں گے۔ لیکن میں یہ مانتا ہوں کہ کوئی بھی دیکھ بھال اور کوئی بھی مراعات شہادت کا نعم البدل نہیں ہو سکتی، والد اور والدہ کو اُن کا روز یاد آئے گا۔ ایک بیوہ جس کا شوہر اُس کے ہاتھ سے چلا گیا اور وہ بچے جن کے سر سے باپ کی شفقت اُٹھ گئی ہے، اُن کو بھی اُس کی کمی ضرور محسوس ہو گی اور اس کا کوئی بھی نعم البدل نہیں ہو سکتا۔

آرمی چیف نے کہا کہ میں ہمیشہ یہ کہتا ہوں کہ ہمارے اصل ہیرو یہ ہمارے شہید ہیں، یہ ہمارے غازی ہیں اور جو قومیں اپنے شہیدوں کو یا ہیروز کو بھول جاتی ہیں، وہ قومیں مٹ جایا کرتی ہیں۔ شہید کا نام رہتی دُنیا تک ہمیشہ چمکتا رہے گا۔اُس نے دُنیا میں بھی اپنا نام کما لیا اور آخرت میں بھی اپنا نام کما لیا۔