مریم سے متعلق نامناسب بیان، ہیومن رائٹس کمیشن نے عمران خان سے معافی کا مطالبہ کردیا

مریم سے متعلق نامناسب بیان، ہیومن رائٹس کمیشن نے عمران خان سے معافی کا مطالبہ کردیا
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے متعلق نامناسب بیان پر چیئرمین تحریک انصاف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملتان میں جلسے سے خطاب کے دوران جہاں حکومت اور مسلم لیگ ن کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا وہیں انہوں نے مریم نواز کو نام لیکر تنقید کا نشانہ بنایا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مریم نواز بار بار میرا نام لیتی ہو، اتنے جوش اور ولولے سے میرا نام نہ لیا کرو، یہ نہ ہو کہ تمھارا شوہر ناراض ہو جائے۔

سیاسی و سماجی حلقوں میں چیئرمین تحریک انصاف کے اس بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے اب ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ عمران خان ایک قومی لیڈر ہیں، انہیں اپنے سیاسی مخالفین سے بات چیت کرنے کا طریقہ سیکھنا چاہیے، انہیں ناصرف مریم نواز بلکہ تمام خواتین سے معافی مانگی چاہیے۔

https://twitter.com/HRCP87/status/1527906231997935616

ایچ آر سی پی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کے ریمارکس معاشرے میں خواتین سے متعلق بدگمانیوں کو ظاہر کرتے ہیں، یہ بات ناقابل قبول ہے کہ سیاسی نظریے کے لیے سخت ناقابل قبول قسم کے ریمارکس استعمال کیے جائیں۔

https://twitter.com/HRCP87/status/1527906235583975425