'سر تقریر کو تھوڑا اسلامی ٹچ بھی دیں' قاسم سوری کی عمران خان کے کان میں سرگوشی

'سر تقریر کو تھوڑا اسلامی ٹچ بھی دیں' قاسم سوری کی عمران خان کے کان میں سرگوشی
مذہب کا سیاست میں استعمال کوئی نئی بات نہیں جبکہ سابق وزیراعظم بارہا اپنی تقاریر میں مذہب کا استعمال کرتے ہیں اور مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

جناح ایونیو اسلام آباد میں عمران خان کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے کہ اس دوران کچھ سیکنڈز کیلئے پی ٹی آئی کا ترانہ چلایا گیا، اس مختصر وقفے میں عمران خان کے دائیں جانب کھڑے سابق ڈپٹی اسپکر قاسم سوری نے ان کے کان میں سرگوشی کرتے ہوئے کہا کہ 'سر تقریر کو تھوڑا اسلامی ٹچ بھی دے دیں'۔

عمران خان نے قاسم سوری کی بات پر سر ہلایا ور پھر تقریر دوبارہ شروع کرتے ہوئے کہا کہ میری بات غور سے سنو میں وہ ہوں جو اپنے آپ کو عاشق رسول کہتا ہوں، میں اپنے نبی ﷺ کا فالوور ہوں۔

https://twitter.com/am_nawazish/status/1529672154794557442

عمران خان اور قاسم سوری کی یہ ویڈیو وائرل ہو گئی ہے اور سیاست میں مذہب کے استعمال پر تبصرے کئے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور انتخابات کے اعلان کیلئے 6 روز کی مہلت دے دی۔

جناح ایونیو اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کا اعلان اور اسمبلیاں تحلیل نہ کی گئیں تو وہ عوام کے ساتھ دوبارہ اسلام آباد آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو انتشار کی طرف لے جارہی ہے۔ حکومتی ایما پر تحریک انصاف کے 2 کارکن شہید کیے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ آزادی کی تحریک کو ناکام کرنے کیلئے ہر قسم کا طریقہ استعمال کیا گیا، کارکنوں نے جس طرح آنسو گیس کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں سمیت ہزاروں افراد گرفتار ہیں۔ سپریم کورٹ گرفتاریوں اور ڈی چوک، لبرٹی چوک پر آنسو گیس کی شیلنگ کا نوٹس لے۔

عمران خان کا قافلہ رات 11 بجے اسلام آباد میں داخل ہوا تھا۔ اس سے پہلے عمران خان نے کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔