عمران خان نے شہباز شریف سے 1000 ایکڑ زمین الاٹ کروائی تھی، درخواست سامنے آگئی

عمران خان نے شہباز شریف سے 1000 ایکڑ زمین الاٹ کروائی تھی، درخواست سامنے آگئی
وہی شہباز شریف جس پر آج عمران خان الزامات لگا رہے ہیں، جب وہ وزیراعلیٰ تھے تو عمران خان نے ایک ہزار ایکڑ زمین درخواست دیکر الاٹ کروائی۔ تمام تفصیلات سامنے آ گئیں۔

عمران خان کی جانب سے یہ درخواست 2008ء میں اس وقت کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو کی گئی تھی۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنی درخواست میں تحریر کیا تھا کہ اگر وہ 1000 ایکڑ زمین الاٹ کردیں تو وہ ان کے احسان مند ہونگے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے دستخط کی حامل اس درخواست میں لکھا گیا ہے کہ میانوالی ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کی جانب سے جھیل کے قریب نمل کالج تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کالج کا برطانیہ کی بریڈ فورڈ یونیورسٹی سے الحاق ہے۔ اس کالج میں ملک بھر سے آئے طلبہ کو تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔

https://twitter.com/UmarCheema1/status/1531296997147394049?s=20&t=MNnZz15LS9ThQyoGcKop-A

عمران خان کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو لکھی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ہم اگلے مرحلے میں جاتے ہوئے ہم ملک میں اپنی طرز کا پہلا نالج سٹی بنانا چاہتے ہیں جو انشا اللہ پاکستان میں تعلیمی معیار کو بڑھانے کا باعث بنے گا۔

درخواست میں عمران خان نے لکھا تھا کہ مقامی آبادی نے اس مقصد کیلئے ہمیں 50 ایکڑ زمین عطیہ کی ہے لیکن ہمیں نالج سٹی کی تعمیر کیلئے 1000 ایکڑ زمین کی ضرورت ہے۔

عمران خان نے اپنی درخواست میں شہباز شریف کو توجہ دلاتے ہوئے لکھا تھا کہ اس علاقے کیں لگ بھگ 3 ہزار ایکڑ زمین موجود ہیں۔ اگر آپ اس میں سے 1000 ایکڑ زمین نالج سٹی کو دیدیں تو آپ کی بڑی مہربانی ہوگی۔ اور میں آپ کا احسان مند رہوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہزاروں ایکڑ زمین بغیر معاوضے کے نمل یونیورسٹی کو دینے کا انکشاف

خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے 5 مارچ 2021 کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے جو اس نے میانوالی میں 6,508 کنال شاملات اراضی (کمیونٹی کی مشترکہ ملکیت) نمل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لئے جاری کیا گیا تھا۔

پنجاب بورڈ آف ریونیو نے اس وقت کی عثمان بزدار انتظامیہ کے تحت ضلعی انتظامیہ میانوالی کو واضح ہدایت کے ساتھ منظوری دی تھی کہ مذکورہ اراضی کا معاوضہ ادا نہیں کیا جائے گا۔

ہدایات میں کہا گیا تھا کہ چونکہ نمل ایجوکیشن فاؤنڈیشن ایک رجسٹرڈ ٹرسٹ ہے، اس لئے کمپنیوں کیلئے اراضی کے حصول کے بجائے عوامی مقصد کیلئے اراضی کے حصول سے متعلق شق کو لاگو کیا جائے اور شاملات اراضی کا معاوضہ ادا نہیں کیا جائے گا۔

مارچ 2021ء میں، لینڈ ایکوزیشن ایکٹ 1894ء کے سیکشن 4 کے تحت، میانوالی کی اس وقت کی ضلعی انتظامیہ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ، "ڈپٹی کمشنر میانوالی کو ایسا لگتا ہے کہ حکومت کو ممکنہ طور پر عوامی مقصد کے لیے زمین کی ضرورت ہے۔

15 فروری کو بورڈ آف ریونیو پنجاب، سیٹلمنٹ برانچ نے میانوالی کی ضلعی انتظامیہ کو ایک خط لکھا تھا، جس میں تجویز کیا گیا تھا کہ نمل کی جانب سے مانگی گئی زمین بغیر کسی معاوضے کے دی جائے کیونکہ یہ کام مفاد عامہ کے لیے کیا جا رہا ہے۔

تاہم، نوٹیفکیشن کے اجراء کے آٹھ ماہ بعد، 18/11/2021 کو، ڈپٹی کمشنر میانوالی نے اپنے کمشنر سے دو سوالات کے بارے میں رہنمائی طلب کیکہ کیا شاملات دیہ کے زمرے میں آنے والی زمین حاصل کی جا سکتی ہے؟  اگر ہاں، تو معاوضے کی ادائیگی کے بغیر زمین کا حصول کیسے ممکن ہے؟

اس کے باوجود ڈپٹی کمشنر کے اس خط کا 18 مئی 2022 تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ اگرچہ یہ زمین ضلعی انتظامیہ نے حاصل کر لی ہے لیکن ابھی تک نمل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے حوالے نہیں کی گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نمل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پاس اس وقت 8,000 کنال اراضی ہے جس میں سے اب تک صرف 1,200 کنال استعمال ہوسکی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ بقیہ 6,800 کنال زمین کبھی استعمال میں نہیں لائی گئی۔

یہ زمین نمل کو 2008 میں ضلع میانوالی، سرگودھا ڈویژن میں 1500 روپے فی کنال کے کم معاوضے پر دی گئی۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے بطور چیئرمین نمل میانوالی میں 8000 کنال اراضی حاصل کرنے کے لیے دستاویزات پر دستخط کئے تھے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایچی سن کالج 200 ایکڑ، ملٹری کالج جہلم 100 ایکڑ سے زیادہ، کیڈٹ کالج حسن ابدال 120 ایکڑ سے زیادہ، صادق پبلک سکول بہاولپور 150 ایکڑ سے زیادہ اور لمز یونیورسٹی 170 ایکڑ سے زیادہ رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔ نمل پہلے ہی 1000 ایکڑ اراضی پر قابض ہے جس میں سے صرف 150 ایکڑ استعمال ہو رہی ہے اور حکومت مزید 750 ایکڑ اراضی مختص کرنا چاہتی تھی۔

ایک سینئر سرکاری ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس مصنف کو بتایا کہ لینڈ ایکوزیشن ایکٹ 1894 کی دفعات کو نظر انداز کرتے ہوئے میانوالی کی اس وقت کی ضلعی انتظامیہ نے ایک نجی این جی او نمل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لیے 6,508 کنال اراضی بغیر کسی معاوضے کے حاصل کی۔