آصف زرداری اور ملک ریاض کی مبینہ آڈیو ٹیپ، عمران خان نے اظہار لاتعلقی کردیا

آصف زرداری اور ملک ریاض کی مبینہ آڈیو ٹیپ، عمران خان نے اظہار لاتعلقی کردیا
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے دوران سابق صدر آصف زرداری سے رابطوں کی تردید کردی ہے بلکہ ملک ریاض اور زرداری کے درمیان گفتگو سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔

مبینہ آڈیو ٹیپ سے متعلق عمران خان نے کہا کہ میں آصف زرداری سے رابطوں کی تردید کرتا ہوں۔ میں تو گذشتہ 26 سالوں سے کہہ رہا ہوں کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن ایک ہیں۔

یہ بات انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کے ارکان قومی اسمبلی مستعفی ہو چکے ہیں، انہوں نے قومی اسمبلی فلور پر اسپیکر کے سامنے مستعفی ہونے کا اعلان کیا، استعفوں کی تصدیق کے لئے جانے کی ضرورت نہیں، کسی رکن کو انفرادی طور پر اسمبلی جانے کی ضرورت نہیں، اسمبلی میں واپس جانا امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ امریکا کے زیر اثرمخصوص لابی مسلم ممالک سے اسرائیل کو تسلیم کروانا چاہتی ہے۔ جب ہم حکومت میں تھے تو اسرائیل کوتسلیم کرنے کے لئے دباؤ تھا۔ ہمیں پیغام بھیجا گیا کہ اپنے ملک کا سوچیں۔ پیغام کس کی طرف سے آیا تھا یہ ابھی نہیں بتا سکتا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ جس دن اسمبلی میں واپس گئے اس کا مطلب امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرنا ہے، اب کسی رکن کو انفرادی طور پر اسمبلی جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ ختم کرنے کے پیچھے کوئی ڈیل نہیں ہے، لانگ مارچ ختم نہ کرتا تو خون خرابہ ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان مصالحت کرنے کے پیغام بھیج رہا ہے، ملک ریاض اور زرداری کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی

خیال رہے کہ پاکستان کے معروف بزنس مین کی آصف زرداری کیساتھ مبینہ آڈیو سامنے آ گئی ہے جس میں وہ سابق صدر کو عمران خان کا پیغام پہنچا رہے ہیں۔

اس مبینہ آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ ملک ریاض نے آصف زرداری کو فون کرتے ہوئے کہا کہ اسلام علیکم سر، اس پر سابق صدر نے وعلیکم سلام کہتے ہوئے پوچھا خیریت؟

اس پر ملک ریاض نے مبینہ آڈیو میں سابق صدر کو بتایا کہ سر بس میں نے آپ کو بتانا تھا، پہلے بھی آپ کو بتایا تھا، میں نے آپ سے بات کرنے کی اجازت طلب کی تھی لیکن آپ نے کہا تھا کہ بعد میں اس موضوع پر بات کریں گے۔

https://twitter.com/murtazasolangi/status/1530567328387452928?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1530567328387452928%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.nayadaur.tv%2Fnews%2F88208%2Fimran-khan-asif-zardari-malik-riaz-leaked-audio-social-media%2F

اس مبینہ آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ ملک ریاض کہہ رہے ہیں کہ میں نے آپ کو یہ انفارمیشن دینی تھی کہ خان کی طرف سے مجھے بڑے میسج کئے جا رہے ہیں کہ ہمارا آپ کیساتھ پیچ اپ کرا دیں۔

ملک ریاض نے آصف زرداری کو بتایا کہ آج تو عمران خان کی جانب سے بہت زیادہ پیغامات موصول ہوئے ہیں۔

فون کال کے دوران آصف زرداری نے ملک ریاض کو مکمل طور پر انکار کرتے ہوئے کہا کہ اب تو امپاسبل ہے ناں۔ یہ سن کر ملک ریاض کہتے ہیں کہ ٹھیک ہے، میں نے تو بس آپ کو پیغام پہنچانا تھا۔

یہ آڈیو سوشل میڈیا پر اس وقت وائرل ہو چکی ہے لیکن اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ آیا فون کال کے دوران جو دو شخصیات آپس میں بات چیت کر رہی ہیں، وہ سابق صدر زرداری اور ملک ریاض ہی ہیں، تاہم آواز ان دونوں کی ہی لگ رہی ہے۔