ضمنی الیکشن میں ن لیگ جیتی تو مزید لوگ پی ٹی آئی چھوڑ دیں گے

ضمنی الیکشن میں ن لیگ جیتی تو مزید لوگ پی ٹی آئی چھوڑ دیں گے
سینئر تجزیہ کار مزمل سہروردی نے کہا ہے کہ ڈی سیٹ ہونے والے اراکین اگر ن لیگ کے ٹکٹ پر جیت کر پنجاب اسمبلی میں واپس آ جاتے ہیں تو پھر تحریک انصاف کے مزید لوگ بھی اپنی جماعت سے نکلنے کیلئے تیار ہو جائیں گے۔

نیا دور ٹی وی کے پروگرام ''خبر سے آگے'' میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی نے اپنی نشستیں دوبارہ جیت لیں تو پھر ملک کا سیاسی منظر نامہ قدرے مختلف ہوگا۔ اس لئے جو لوگ رابطے میں ہیں، وہ 17 جولائی کے نتائج کو دیکھیں گے کہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر کتنے لوگ جیت کر اسمبلی میں واپس آتے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مزمل سہروردی کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا مشکل فیصلہ اس بات کا غماز ہے کہ الیکشن اگلے سال ہی ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ نواز شریف نے خود کو اسٹیبلشمنٹ کے سامنے قربانی کا بکرا بنانے کی تیاری کر لی ہے۔ اگر حکومت نے نومبر کا وقت نکال لیا تو پھر تحریک انصاف کے کئی ٹکڑے ہونا طے ہے۔

مزمل سہروردی نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما خود فوج اور اس کے سپہ سالار کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ پاک فوج اور اس کی قیادت پر دھونس جما کر اپنے مطلوبہ نتائج لے سکتے ہیں۔ اب یہ ایک مقابلہ ہے جو کہ دو فریقین کے درمیان جاری ہے۔ ان میں سے ایک فریق پی ٹی آئی جبکہ دوسری پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی میثاق جمہوریت پر نہ تو دستخط کرنے کو تیار ہیں اور نہ ہی آئین وقانون کے تابع آنے کی بات کر رہے ہیں۔ وہ آج تک اس عمل سے گزرے ہی نہیں جس سے ہماری سیاسی جماعتیں گزر کر آج آئین کی بات کرنا شروع ہوئی ہیں۔