اگر عمران خان کو کچھ ہوا تو حکومت والوں پر خودکش حملہ کروں گا، پی ٹی آئی ایم این اے کی دھمکی

اگر عمران خان کو کچھ ہوا تو حکومت والوں پر خودکش حملہ کروں گا، پی ٹی آئی ایم این اے کی دھمکی
پی ٹی آئی کے مستعفی ایم این اے عطاللہ ایڈووکیٹ نے حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو کچھ ہوا تو وہ حکومت چلانے والوں پر خود کش حملہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق مستعفی ہونے والے پی ٹی آئی ایم این اے عطاللہ ایڈووکیٹ نے عمران خان کی متوقع گرفتاری پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان کے ایک بال کو بھی نقصان ہوتا ہے تو یہ ملک چلانے والے سوچ لیں کہ نہ آپ رپیں گے اور نہ آپ کے بچے رہیں، سب سے پہلے میں آپ پر خود کش حملہ کروں گا، آپ کو چھوڑوں گا نہیں اور اسی طرح ہزاروں خود کش تیار ہیں۔

https://twitter.com/IhteshamAfghan/status/1533676523017777152

اس سے پہلے پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی بھی سیاسی حریفوں کو خود کش حملے کی دھمکی دیتے تھے۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر پارٹی چیئرمین عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو سخت ردعمل دیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے حلقہ بندیوں اور فہرست سے ووٹرز کے نام خارج کرنے جیسے اقدام کو چیلنج کیا جائے گا۔

پارٹی کی کور کمیٹی نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ مذاکرات پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی خاموشی پر بھی سوال کیا کہ جب پیپلز پارٹی اپوزیشن میں تھی تو انہوں نے ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی سخت مخالفت کی تھی۔

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس بنی گالا میں ہوا کیوں کہ 20مئی کو ملتان میں جلسہ کرنے کے بعد سے پشاور میں مقیم عمران خان اب اسلام آباد پہنچے چکے ہیں۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم اب اسلام آباد میں رہیں گے۔

کمیٹی نے اعلان کیا کہ پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی کے لیے ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے ٹکٹس جاری کیے جائیں گے۔

بعدازاں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ و پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی دھمکی کے بعد کور کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو سخت ردعمل دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری ایک احمقانہ سیاسی قدم ہوگا جس پر پارٹی کارکنان کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آئے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے اپنے کارکنان کو مشورہ دیا ہے کہ اگر انہیں الیکٹرانک یا سوشل میٖڈیا کے ذریعے عمران خان کی گرفتاری کا پتا چلے تو فی الفور سخت ردعمل دیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے پارٹی کارکنان کو پیغام دیا کہ پارٹی کی طرف سے کسی ہدایت کا انتظار مت کریں، آپ جہاں بھی موجود ہوں احتجاج شروع کردیں، آپ سیاسی کارکنان ہیں اس لیے عمران خان کی گرفتاری پر پرامن سیاسی ردعمل کا اہتمام کریں۔