صدر مملکت نے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ ججز کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی منظوری دیدی

صدر مملکت نے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ ججز کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی منظوری دیدی
مہنگائی اور قیمتوں میں اضافے کی عوام کے لئے جاری بری خبروں کے درمیان سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کیلئے خوشخبری سامنے آگئی۔

مشکل معاشی حالات کے باوجود سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ ججز کی تنخواہوں اور مراعات میں 10 فیصد اضافہ کردیا گیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کی تنخواہوں اور اعلیٰ عدلیہ الاؤنس میں 10 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔

صدر مملکت نے یہ منظوری وزیراعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 205 کے تحت دی۔ صدر مملکت نے وزیراعظم کی جانب سے ارسال کردہ اس سمری پر کوئی اعتراض نہیں لگایا۔

خیال رہے کہ مہنگائی کی لہر اور عوام پر ٹیکس کے بوجھ کے باوجود پاک فوج کے بجٹ میں 6 فیصد اضافے کی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔ جبکہ آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔