عارف حمید بھٹی کی لائیو شو میں ترجمان پاک فوج کی نقل اتارنے کی کوشش، ویڈیو وائرل

عارف حمید بھٹی کی لائیو شو میں ترجمان پاک فوج کی نقل اتارنے کی کوشش، ویڈیو وائرل
صحافی عارف حمید بھٹی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کی نقل اتارنے کی کوشش کی اور عمران خان کے سازشی بیانیے کو رد کرنے پر ان کا خوب مذاق اڑایا۔ اس موقع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے اور صارفین ان کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

پروگرام کے دوران میجر جنرل بابر افتخار کے گذشتہ روز بیان کا حوالہ دیتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے کہا کہ ابھی وہ آپ کے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز چل رہی تھی جس میں انہوں نے کہا کہ ''حقائق مسخ کرکے نہ تنقید کیجئے''۔

https://twitter.com/ShamaJunejo/status/1536845256053903360?s=20&t=10jeAyinMhkKGtxzqNwauQ

یہ جملہ ادا کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے مزاحیہ انداز اپنایا تو پروگرام کے اینکر کاشف عباسی اور دیگر مہمان ہنسنے لگ پڑے۔ سوشل میڈیا صارفین جی این این سے وابستہ صحافی عارف حمید بھٹی کے اس رویے پر ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر نے شیخ رشید کو جھوٹا قرار دیدیا

خیال رہے کہ گذشتہ روز پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق حکومت کیخلاف کوئی سازش نہیں ہوئی۔ ہماری طرف سے اس معاملے پر سب کو واضح طور پر بتا دیا گیا تھا۔ شیخ رشید کا بیرونی مراسلے سے متعلق بیان درست نہیں ہے

تفصیل کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے خلاف من گھڑت افواہیں اڑائی جا رہی ہیں۔ اپنی رائے دینے کا ہر کسی کو حق ہے لیکن جھوٹ کا سہارا لے کر اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانے کا حق کسی کو نہیں ہے۔ یہ سب نہیں ہونا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دفاعی بجٹ میں خطرے کا ادراک اور چیلنجز کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ جی ڈی پی کی اوسط کےمطابق دفاعی بجٹ کم ہو رہا ہے۔ آرمی چیف کی ہدایت پر یوٹیلٹی بلز، ڈیزل اور پیٹرول پر کافی بچت کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاع کے بجٹ پر ہمیشہ بحث شروع ہو جاتی ہے لیکن مہنگائی کے تناظر میں دیکھیں تو دفاعی بجٹ کم ہوا ہے۔ 2020 سے دفاعی بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ ادھر بھارت کا دفاعی بجٹ ہر سال بڑھتا ہے۔ ہماری 50 فیصد سے زائد فوج مشرقی بارڈر جبکہ ہماری 40 فیصد فوج مغربی بارڈر پر تعینات ہے۔ ہم نے اپنی حربی صلاحیتوں میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ آرمی ویلفیئر ٹرسٹ نے سالانہ ٹیکس کی مد میں 2.2 ارب روپے جمع کرایا۔ آرمی چیف نے فوجی مشقیں قریبی علاقوں میں کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بڑی فوجی مشقوں کو بھی چھوٹے پیمانے پر کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

عمران خان کے سازشی بیانیے کے معاملے پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کا بیرونی مراسلے سے متعلق بیان درست نہیں ہے۔ اس معاملے پر ایک اجلاس ہوا تھا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس کے علاوہ تینوں سروسز چیف بھی اس اجلاس میں موجود تھے۔