شہباز گِل کی اہلیہ کی ڈگری کے معاملے کی تحقیقات کا حکم

شہباز گِل کی اہلیہ کی ڈگری کے معاملے کی تحقیقات کا حکم
سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کی اہلیہ کی ڈگری کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے۔ یہ حکم وفاقی وزیرِ برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کی جانب سے دیا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو شہباز گل کی اہلیہ کی ڈگری کے معاملے پر کامسیٹس یونیورسٹی کی رپورٹ مل گئی جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل کی اہلیہ اعزا اسد رسول سکالرشپ کے تحت 2011ء میں امریکہ میں پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنے گئی تھیں۔

کامسیٹس یونیورسٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2014ء تک سکالرشپ منصوبے کی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے فنڈنگ کی تھی لیکن اس کے بعد یہ منصوبہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

یونیورسٹی کی رپورٹ کے بعد وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے شہباز گل کی اہلیہ کی ڈگری کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ پیسے ریکور کرنے سے جو رقم حاصل ہوگی اسے غریب بچوں کی تعلیم پر خرچ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کے احکامات کی روشنی میں اس معاملے کہ تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

اس کمیٹی میں وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے افسران شامل ہیں۔ یہ خصوصی کمیٹی شہباز گل کی اہلیہ اعزا اسد رسول کی سکالرشپ اور ڈگری کے معاملے کی مکمل تحقیقات کرکے اس کی رپورٹ وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ کو پیش کرے گی۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کامسیٹس یونیورسٹی کے پرو ریکٹر کا عہدہ بھی رکھتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ شہباز گل کی اہلیہ کاسمسیٹس یونیورسٹی کی تقریباً ایک کروڑ 86 لاکھ روپے کی نادہندہ ہیں۔