پاکستان کیلئے اچھی خبر، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان

پاکستان کیلئے اچھی خبر، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان
پاکستان کیلئے اچھی خبر ہے کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں کئی ہفتے بعد خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے آئی ہے۔ برینٹ خام تیل کی قیمت میں 4.61 فیصد، برطانوی برینٹ کروڈ بھی 5.50 ڈالر اور ڈبلیو ٹی ایل میں 6.17 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ایک ماہ قبل برینٹ آئل اور ڈبیلو ٹی ایل کے نرخ 107 تا 110 ڈالر فی بیرل تھے، تقریباً ایک ماہ بعد دوبارہ تیل کی قیمتیں اس سطح کے قریب آگئی ہیں۔

عالمی قیمتوں کو بنیاد بنا کر موجودہ حکومت نے پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 84 جبکہ ڈیزل پر تقریباً 110 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا، یورپی یونین ممالک سمیت دنیا بھر میں کساد بازاری کے پیش نظر بھی تیل کی طلب کم ہونے کا امکان ہے، جس کا اثر قیمتوں میں کمی کی صورت میں سامنے آرہا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس نے 10 جون کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران 35 لاکھ 50 ہزار بیرل یومیہ تیل مختلف ممالک کو روانہ کیا گیا، جس میں 50 فیصد یعنی 18 لاکھ 78 ہزار بیرل ایشیا میں بھیجا گیا، روس کی تیل برآمدات کا یہ حجم روس کے یوکرین پر حملے کے بعد ہونیوالی کمی سے 40 فیصد زیادہ ہے۔

ماہرین کے مطابق روس کی جانب سے بھارت اور چین کو بڑے پیمانے پر تیل کی سپلائی شروع ہوگئی ہے، جس سے روس پر عالمی پابندیاں غیر مؤثر ہونے کا تاثر مل رہا ہے اور پابندی کے سبب تیل کی سپلائی محدود ہونے کے خدشات ختم ہورہے ہیں، جس کی وجہ سے جمعہ کو قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔