شہباز حکومت نے امیر طبقے پر بوجھ ڈالا، پی ٹی آئی نے تنخواہ دار طبقے کی جیبوں سے نکالنا تھا

شہباز حکومت نے امیر طبقے پر بوجھ ڈالا، پی ٹی آئی نے تنخواہ دار طبقے کی جیبوں سے نکالنا تھا
خرم حسین نے کہا ہے کہ صنعتوں پر عائد 10 فیصد ٹیکس کا عام آدمی پر اثر نہیں پڑے گا۔ اگر سیمنٹ فیکٹریاں اپنے ریٹس بڑھا بھی لیں گی تو عام آدمی اسے کھاتا تو نہیں ہے۔

نیا دور ٹی وی کے پروگرام ''خبر سے آگے'' میں ملک کی معاشی صورتحال پر اپنا تبصرہ پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی چوائس نہیں بچی تھی۔ ان کیلئے ریونیو بڑھانا ضروری تھا۔ سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے یہ وعدہ کر لیا تھا کہ وہ پرسنل انکم ٹیکس سے یہ پیسے اکھٹے کریں گے۔ یعنی انہوں نے تنخواہ دار طبقے پر یہ بوجھ ڈالنے کی حامی بھر لی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے پاس یہ آپشن نہیں تھا کہ وہ اس وعدے سے انحراف کرتے ہوئے کہتی کہ ہم یہ ٹارگٹ پورا نہیں کر سکتے۔ لیکن انہوں نے دوسرا طریقہ ڈھونڈا اور امیر صنعتکاروں پر یہ بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کیا۔

پروگرام میں اپنی بات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سپر ٹیکسز کا اعلان ہوتے ہی صنعتکاروں نے رونا شروع کر دیا ہے۔ وہ کہہ رہے کہ اس اقدام سے سرمایہ کاری رک جائے گی اور بے روزگاری پھیلے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ڈیٹا پر نظر دوڑائی جائے تو ہمیں پتا چلے گا کہ پچھلے دس سالوں میں پاکستان کی جتنی لسٹڈ کمپنیاں ہیں ان کی کمائی اوپر گئی کبھی نیچے نہیں آئی۔ سوائے 2018ء وہ واحد سال تھا جن میں ان کا پرافٹ کم ہوا لیکن وہ بھی بہت ہی معمولی تھا۔

خرم حسین کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال 2021ء میں ان کمپنیوں نے 970 بلین روپے کا ریکارڈ پرافٹ حاصل کیا لیکن تنخواہ دار طبقے کو تو اس کے فوائد نہیں پہنچائے گئے تھے۔ بڑی بڑی کمپنیوں نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں نہایت ہی معمولی اضافہ کیا تھا۔