مونس الٰہی منی لانڈرنگ کیس، نواز بھٹی چپڑاسی کے 32 اکاؤنٹس کا انکشاف

مونس الٰہی منی لانڈرنگ کیس، نواز بھٹی چپڑاسی کے 32 اکاؤنٹس کا انکشاف
سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے شریک ملزم محمد نواز بھٹی چپڑاسی کے 32 بینک اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے جبکہ مونس الٰہی نے نواز چپڑاسی کو پہچاننے سے انکار کر دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق ایف آئی اے نے مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں جواب جمع کروا دیا ہے۔ چوہدری مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں ایف آئی اے نے انکشاف کیا کہ محمد نواز بھٹی چپڑاسی کے 32 بینک اکاؤنٹس ہیں۔

ایف آئی اے کے نواز بھٹی چپڑاسی سے متعلق سوالات پر مونس الٰہی نے جواب دیا وہ نواز چپڑاسی کو جاننے تک نہیں جب کہ نواز بھٹی کے شئیرز سے متعلق بھی نفی میں جواب آیا۔

مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ عمر شہریار نامی شخص کاروباری شخصیت کا مالک ہے جبکہ ان کے بھائی نے انہیں کروڑوں روپے مالیت کے شیئرز تحفے میں دئیے۔ ایکس کیپٹل لمیٹڈ کے ذریعے 16.2 فیصد شئیرز حاصل کیے جبکہ 18.63 فیصد شئیرز انویسٹمنٹ کرکے ”ایم ای کیپٹل لیمیٹڈ“ کے ذریعے لئے۔

انہوں نے جواب میں مزید کہا کہ”آر وائے کے“ گروپ بنانے میں کوئی کردار نہیں البتہ عمر شہریار سے کاروباری تعلق ہے، ایف بی آر میں جمع کرائی گئی تفصیلات میں سب کچھ واضح کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے مونس الٰہی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 24 ارب روپے کی منی لانڈرگ کی تحقیقات جاری ہیں، ایف آئی اے نے مونس الٰہی سے 33 سوالات کے جوابات مانگے تھے۔