'پیٹرولیم مصنوعات ابھی اور مہنگی ہوں گی'

'پیٹرولیم مصنوعات ابھی اور مہنگی ہوں گی'
سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ابھی مزید اضافہ کیا جائے گا۔ حکومت عوام کو ہرگز ریلیف نہیں دے گی بلکہ ہر ماہ 50 روپے تک اضافہ کیا جائے گا۔ حکومت 17 فیصد پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگائے گی۔

یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ رات ایک بار پھر پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 85 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 248 روپے 74 پیسے ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 276 روپے 54 پیسے ہوگئی۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 18 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 230 روپے 26 پیسے ہوگی۔

اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس اور پی ڈی ایل کی رقم ملا کر یہ 50 روپے تک ماہانہ قیمت بڑھائیں گے۔ حکومت 855 ارب روپے پی ڈی ایل کی مد میں ریکور کرے گی۔ 10 روپے ہر ماہ بڑھانے سے بھی 855 ارب روپے جمع نہیں ہوں گے۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف کے ساتھ اتنی بڑی لیوی پر معاہدہ ہی نہیں کرتے ہمارے دور میں عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف دیا جارہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم روس سے سستا تیل خرید کر عوام کو مہنگا پیٹرول خرید سے بچاتے۔