مذہب ایک ذاتی معاملہ ہے، مذہب کو سیاست کیلئے استعمال کرنے سے بڑا جرم کوئی نہیں : مریم نواز

مذہب ایک ذاتی معاملہ ہے، مذہب کو سیاست کیلئے استعمال کرنے سے بڑا جرم کوئی نہیں : مریم نواز
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مذہب آپ کا اور اللہ کا معاملہ ہے۔ آپ کتنی نمازیں پڑھتے ہو، کتنی تسبیح پڑھتے ہوئے وہ اللہ کا اور آپ کا معاملہ ہے۔ مذہب کو دکھاوے کے لیے، سیاست کے لیے یا سیاسی مخالفین کو گندا کرنے کیلئے استعمال کرنے سے بڑا جرم کبھی کسی نے نہیں کیا۔

انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سٹیج پر کوئی کہتا ہے کہ خان صاحب اسلامی ٹچ تو دیں تو خان صاب نے آیتیں پڑھنا شروع کر دیں۔

سوموار کو لاہور کے حلقہ پی پی 170 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’وہ بنی گالا گینگ تھا جس میں فرح گوگی، اس کا خاوند، پیرنی اور اس کا سرغنہ عمران خان تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’چاہے کوئی بھی سکینڈل ہو وہ عمران خان کے دور میں سامنے آیا۔ اس کے گھر کے بھیدی روز لنکا ڈھا رہے ہیں۔ توبہ توبہ کر کے کانوں کو ہاتھ لگا کر کہتے ہیں کہ بہت کرپٹ آدمی ہے۔‘

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’ہمیں کہتا تھا کہ ہم امریکہ کے غلام ہیں۔ خط لہرا دیا۔ امریکی عہدیدار ڈونلڈ لو کو برا بھلا کہتا رہا۔ دو دن پہلے اپنا ایک عہدیدار امریکہ بھیجا اور کہا کہ ہم سے غلطی ہو گئی ہے معاف کر دو۔‘

ان کے مطابق ’یہ مذاق اس نے پاکستان کے ساتھ کیا ہے۔ لوگوں کو غدارکہتا رہا۔ نواز شریف کو غدار کہتا رہا۔ مجھے کہتا رہا کہ اس سوشل میڈیا پر مہم چلائی۔ اپنی بیوی پیرنی کی آڈیو سامنے آ گئی۔ کہتی ہے مجھ پر یا فرح گوگی پر کوئی الزام لگائے تو غداری پر ٹرینڈ چلانا ہے۔‘

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ ’شہباز شریف کو دل پر پتھر رکھ پیٹرول کی قیمت بڑھانا پڑی۔ یہ معاہدہ کس نے کیا تھا؟ جس آئی ایم ایف کے معاہدے کے تحت یہ فیصلہ کرنا پڑا وہ کون تھا؟ اگر ہم قیمت نہ بڑھاتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔ مسلم لیگ ن جتنا ملک کا خیال کسی کو نہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ عوام میں جاو اور بتاو ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

’آج حمزہ شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ایک سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو بجلی کا بل نہیں آئے گا۔ اس وقت ملک کا خزانہ خالی ہے وہ بنی گالہ والے لُٹ کر کھا گئے۔ شہباز شریف نے یوٹیلٹی پر سستی چیزیں مہیا کر رکھی ہیں تاکہ غریب کا چولہا جلتا رہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی سیاست کا پالا ایک ایسے شخص سے پڑ گیا ہے جو تاریخ کا سب سے بڑا فتنہ اور سب سے بڑا بہروپیا ہے۔ نواز شریف پر بھی اتنے الزامات لگے، لیکن کوئی ایک بھی الزام ثابت نہیں کر سکے۔‘

’جو بھی نواز شریف کو چھوڑ کر گیا اس نے سیاسی اختلاف تو کیا لیکن نواز شریف کی ایمانداری کی گواہی دی۔‘

مریم نواز نے کہا کہ ’سی پیک نواز شریف نے بنایا تھا جس کے نتیجے میں چین سے پاکستان میں سرمایہ کاری آئی۔ عمران خان نے ایک پراجیکٹ بنایا جس کا نام ہے جی پیک، گوگی پنکی اکنامک کوریڈور۔ سارا لُوٹا ہوا مال بنی گالا جاتا تھا۔‘