شیخ رشید بھی اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے، مبینہ غبن کیس میں طلب کر لیا گیا

شیخ رشید بھی اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے، مبینہ غبن کیس میں طلب کر لیا گیا
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو اینٹی کرپشن پنجاب نے سرکاری فیس کی ادائیگی میں کروڑوں روپے کے مبینہ غبن کیس میں 15 جون کو طلب کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لائف ریزیڈنشیا اسلام آباد ہاؤسنگ سوسائٹی کو زمین فروخت کی گئی، اور اس زمین کی سرکاری فیس کی ادائیگی میں خورد برد کی گئی۔ شیخ رشید کو اس معاملے کی تحقیقات کے لئے اینٹی کرپشن پنجاب نے طلب کیا ہے۔

اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے طلبی نوٹس میں شیخ رشید کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مکمل ریکارڈ کے ساتھ اینٹی کرپشن ہیڈ آفس لاہور میں پیش ہوں۔ ذرائع نے بتایا کہ اسی معاملے کی تحقیقات کیلئے اینٹی کرپشن پنجاب نے لائف ریزیڈنشیا سوسائٹی کی انتظامیہ کو بھی طلب کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کے خلاف مقدمہ درج

خیال رہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے عمران خان کی اہلیہ کی قریبی دوست فرح گوگی کے خلاف ڈیری اینڈف وڈ کمپنی کے لیے سرکاری زمین کو مارکیٹ ویلیو سے کم قیمت پر لیز پر لینے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ 2016 میں فرح گوگی اور ان کی والدہ بشریٰ خان نے 26 نومبر 2020 کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں اپنی کمپنی ‘المعیز ڈیری اینڈ فوڈز پرائیوٹ لمیٹڈ’ کے نام سے کمپنی رجسٹر کرائی۔

اس کے بعد 30 نومبر 2020 کو المعیز ڈیری اینڈ فوڈز پرائیوٹ لمیٹڈ کی ڈائریکٹر فرح گوگی نے فیصل آباد انڈسٹریل زون میں ساڑھے 10 ایکڑ زمین حاصل کرنے کے لئے تحریری درخواست دی۔

بعد ازاں15  مارچ 2021 کو فرح گوگی نے بتائے گئے طریقے کے تحت آن لائن درخواست جمع کرائی تاہم ضروری دستاویزات جمع نہ کرانے کی وجہ سے اسے مسترد کردیا گیا۔

فرح گوگی کیخلاف درج مقدمے کے متن کے مطابق5  اکتوبر 2021 کو انہوں نے تیسری مرتبہ زمین کے لئے درخواست دی۔ 29 اکروبر کو زمین کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی جبکہ 6 دسمبر کو الاٹمنٹ لیٹر بھی جاری کردیا گیا۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ فرح گوگی نے سرکاری افسران کےساتھ مل کرکم قیمت پر زمین لیز پر لی، حاصل کی گئی زمین کی قیمت مارکیٹ ویلیو کے مطابق 60 کروڑ روپے بنتی تھی لیکن یہ زمین صرف آٹھ کروڑ روپے میں لیز پر حاصل کی گئی۔