حنا پرویز بٹ اور عفت عمر نے بھی تحریک انصاف کی جیت اور ن لیگ کی ہار کھلے دل سے تسلیم کرلی

حنا پرویز بٹ اور عفت عمر نے بھی تحریک انصاف کی جیت اور ن لیگ کی ہار کھلے دل سے تسلیم کرلی
حنا پرویز بٹ اور عفت عمر نے بھی تحریک انصاف کی جیت اور ن لیگ کی ہار کھلے دل سے تسلیم کرلی۔

مسلم لیگ ن کی رہنما اور رکنِ صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے تحریکِ انصاف کی جیت اور ن لیگ کی ہار پر ردِ عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

پنجاب میں ضمنی الیکشن سے کچھ دن قبل ہی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ’روندو‘ قرار دینے والی حنا پرویز بٹ نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جماعت کی ہار کو کھلے دل سے تسلیم کر لیا۔

سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والی ن لیگی کارکُن نے پاکستان تحریکِ انصاف کی جیت کے بعد متعدد ٹوئٹس کیے ہیں۔

حنا پرویز بٹ کا اپنے ایک ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ ’میں پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کو جیت پر مبارک باد پیش کرتی ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہار جیت زندگی کا حصہ ہے، لیگی کارکنوں کو مایوس نہیں ہونا، ان شاء اللّٰہ شیر دوبارہ آئے گا۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ ’سیاست کو سیاست رہنا چاہیے، دشمنی نہیں بنانا چاہیے، بعض اوقات سیاست میں تلخی بھی آتی ہے مگر آخر میں ہم سب پاکستانی ہیں، احترام قائم رہنا چاہیے، ایک دوسرے کو سننے کی برداشت پیدا کرنی چاہیے۔

حنا پرویز بٹ نے اس مشکل وقت میں اپنی جماعت کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ ’تم جیتو یا ہارو سنو! ہمیں تم سے پیار ہے، مسلم لیگ (ن)‘۔

https://twitter.com/hinaparvezbutt/status/1548713197674418176?t=_LA_h8ArULRZfRgfLyUa2w&s=19

دوسری جانب کی سینئر اداکارہ و میزبان عفت عمر کی جانب سے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں سامنے آنے والے نتائج پر ردِ عمل دیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی حمایتی اداکارہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر اکثر اوقات ہی سخت تنقید کرتی نظر آتی ہیں۔

عفت عمر پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایتیوں پر بھی اکثر برستی دکھائی دیتی ہیں مگر گزشتہ روز پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج نے عفت عمر کو بھی پی ٹی آئی کی مقبولیت کا اعتراف کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

عفت عمر کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا گیا ہے۔

عفت عمر کا کہنا ہے کہ ’عوامی رائے کی بات ہے اور اگر اکثریت پاکستان تحریکِ انصاف کے ساتھ ہے تو ہے، اکثریت جیت گئی‘۔

https://twitter.com/OmarIffat/status/1548693105741807616?t=7-yZE0s6B65hnX1LcTmwcQ&s=19

واضح رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔

ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن) 4 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ 1 نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا ہے۔