راجا ظفر الحق نے پی ٹی آئی امیدوار کو سپورٹ کیا، نو منتخب رکن راجا صغیر کا انکشاف

راجا ظفر الحق نے پی ٹی آئی امیدوار کو سپورٹ کیا، نو منتخب رکن راجا صغیر کا انکشاف
پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 7 سے نو منتخب رکن پنجاب اسمبلی راجہ صغیر احمد نے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رکن راجا ظفر الحق نے تحریک انصاف کے امیدوار کرنل (ر) شبیر اعوان کو سپورٹ کیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں راجہ صغیر کے انکشاف پر کرنل (ر) شبیر اعوان نے کہا کہ راجہ ظفر الحق کے ساتھ (ن) لیگ کا سلوک اچھا نہیں تھا اس لیے لیگی کارکنوں نے مجھے ووٹ دیا۔

شبیر اعوان نے کہا کہ ان سے پوچھیں راجہ صغیر روٹھے کیوں تھے؟ کیا وجوہات تھیں، جس کے جواب میں راجہ صغیر نے کہا کہ ان کو کیا تکلیف ہے میں روٹھوں یا نہیں، میرے دو ورکرز کو اوپر نہیں آنے دیا، میں نے کہا جب تک میرے ورکرز اوپر نہیں آئیں گے تقریر نہیں کروں گا۔

راجہ صغیر نے کہا کہ یہ تو پل صراط پر کھڑے تھے کہتے تھے جو (ن) لیگ کو ووٹ دے گا، اسے جہنم میں پھینکوں گا، شبیر اعوان یہ تقریر کر رہے تھے، یہ پڑھے لکھے ہیں۔

شبیر اعوان نے کہا کہ میں نے ایسی کوئی بات نہیں کی انہوں نے آڈیو ایڈیٹ کی ہے، میں نے کہا تھا جو ووٹ کا غلط استمعال کرے گا اس سے حساب ہوگا، میں تین ہزار ووٹوں سے جیت رہا تھا، آخر میں 49 ووٹ سے ہرا دیا، ان کے پاس دھاندلی کے 163طریقے ہیں ہم تو معصوم ہیں شاید نہ پکڑ سکیں لیکن کوشش کریں گے۔

شبیر اعوان نے مزید کہا کہ انہوں نے دھاندلی کی کوشش کی، آر او کو ہر 10 منٹ بعد فون آتا تھا، آر او سے پوچھیں کس کا فون آتا تھا؟