اتحادی جماعتوں کا حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ بچانے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے کا فیصلہ

اتحادی جماعتوں کا حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ بچانے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے کا فیصلہ
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر حکومت کی اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین کا اہم اجلاس ہوا جس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسمبلیوں کی مدت پوری کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں یہ اجلاس ضمنی الیکشن میں شکست کی وجوہات جاننے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے طلب کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ قبل از وقت انتخابات بہتر آپشن نہیں ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں بھی وزارت اعلیٰ کو بچانے کیلئے بھی تمام اتحادی جماعتیں کوشش کریں گی۔ خیال رہے کہ 17 جولائی کو پنجاب کی 20 نشستوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کو 15 اور ن لیگ کو 4 نشستوں پر کامیابی ملی تھی جبکہ ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوا تھا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی الیکشن کمشنر پہ حملہ آور ہونے کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اس سے خفیہ ملاقات سے انکار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کان کھول کر سُن لو الیکشن تب ہوگا جب موجودہ حکومت اور الیکشن کمیشن چاہے گا.تمہارے پاس موقع تھا جب تم وزیراعظم تھے لیکن تب تم لوگوں کے ترلے منتیں اور پاؤں پکڑ رہے تھے کہ میرے اقتدار کو بچا لو۔