حکومت نے میرا پاکستان، میرا گھر سکیم کو روک دیا

حکومت نے میرا پاکستان، میرا گھر سکیم کو روک دیا
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے میرا پاکستان، میرا گھر سکیم کو عارضی بنیادوں پر روک دیا ہے۔ سکیم پاکستان کی کم لاگت ہاؤسنگ فنانس سکیم ہے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس سکیم کے ذریعے عام لوگوں کی جانب سے پہلے سے کی گئی سرمایہ کاری محفوظ رہے گی۔ فنانس ڈویژن اور سٹیٹ بینک اس وقت سکیم کو از سر نو تشکیل دینے پر کام کر رہے ہیں۔ میرا پاکستان، میرا گھر سکیم کو مارکیٹ میں بدلے حالات کی وجہ سے عارضی طور پر روکا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ہم اگلے ہفتے تک میرا گھر اسکیم کا مسئلہ حل کرلیں گے۔ میرا گھر سکیم کو نئی شکل دے رہے ہیں، کسی کا پیسہ ضائع نہیں ہوگا۔

https://twitter.com/MiftahIsmail/status/1548323845655764993?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1548323845655764993%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.bolnews.com%2Furdu%2Flatest%2F2022%2F07%2F357442%2F

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ لوگوں نے میرا گھر سکیم میں قرضوں کی منظوری کی بنیاد پر رقم خرچ کی، ہم اگلے ہفتے تک میرا گھر اسکیم کا مسئلہ حل کرلیں گے۔

واضح رہے اس سے قبل سٹیٹ بینک کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم میرا گھر اسکیم کے تحت تازہ رقم کی تقسیم روک دی گئی ہے۔ مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق میکرو اکنامک صورتحال میں ادائیگی 15 دنوں کے لئے روکی گئی ہے۔ حکومت سکیم کی خصوصیات کا جائزہ لے گی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ بینکوں نے یکم جولائی 2022 سے 15 جولائی 2022 تک تازہ رقوم کی تقسیم کو روکنے کو کہا ہے۔