ایم پی اے زینب عمیر نے رانا ثناء اللہ کے خلاف ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرا دیا

ایم پی اے زینب عمیر نے رانا ثناء اللہ کے خلاف ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرا دیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن اسمبلی زینب عمیر نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں ہراساں کرنے کا مقدمہ دائر کار دیا ہے۔

آج کیس کی سماعت کے دوران، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ پر جمعہ کو ہونے والے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں ان کی پارٹی کے امیدوار کے خلاف ووٹ دینے کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

وکیل نے کہا کہ ان کی موکلہ کو ان کے واٹس ایپ نمبر پر دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خود کر رہے ہیں۔ اس لئے حکومت کو حکم دیا جائے کہ وہ اس حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرے۔

لاہور ہائیکورٹ کی معزز جج جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست گزار سے کہا کہ وہ ان واٹس ایپ میسجز کو کیس کے ریکارڈ کا حصہ بنائے جو مبینہ طور پر وزیر داخلہ رانا ثناء کی جانب سے انھیں موصول ہوئے ہیں۔

جج نے درخواست گزار سے کہا کہ بہتر ہے کہ وہ اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں۔ تاہم اس درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ یہ ناقابل سماعت ہے۔

اس پر فاضل جج نے جواب دیا کہ کیس میں صوبائی حکومت کو جواب دینے دیں پھر عدالت دیکھے گی۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔