پشاور میں خاتون نیوز اینکر پر تیزاب پھینکنے کی کوشش ناکام

پشاور میں خاتون نیوز اینکر پر تیزاب پھینکنے کی کوشش ناکام
پشاور میں ایف ایم ریڈیو سے وابستہ خاتون نیوز اینکر ذکیہ خان پر تیزاب پھینکنے کی کوشش ناکام، ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب، پولیس نے ملزم کی تلاش کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدیں۔

ذکیہ خان نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم ان کے گھر آیا اور دروازے پر دستک دی، میں نے جیسے ہی دروازہ کھولا تو ایک اجنبی کو وہاں موجود پا کر فوری طور پر اسے بند کر لیا۔ ملزم نے اشتعال میں آکر زبردستی دروازہ کھولنے کی کوشش کی اور شدید مزاحمت کرتا رہا۔

خاتون نیوز انیکر ذکیہ خان نے فوری طور پر واقعہ کی پولیس اور اطلاع دے کر نامعلوم ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے لیکن تاحال انھیں اس میں کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو میں شائع خبر کے مطابق ذکیہ خان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گذشتہ روز 27 جنوری کو پیش آیا۔ انہوں نے پولیس کو واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کر دی ہے۔ اس فوٹیج میں واقعے سے ایک رات قبل 2 نوجوان گھر سے کچھ فاصلے پر اترتے نظر آ رہے ہیں۔

ذکیہ خان کا کہنا تھا کہ میں کسی پر وثوق سے الزام نہیں لگا سکتی کہ آخر کس نے یہ خوفناک حرکت کرنے کی کوشش کی کیونکہ میری کسی کیساتھ دشمنی نہیں ہے۔ حملہ آور کی عمر لگ بھگ 18 سال تھی۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ہم اس کیس کی متعدد پہلوئوں پر تفتیش کر رہے ہیں۔