سندھ حکومت نے عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا

سندھ حکومت نے عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا
سندھ حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کیخلاف فارن فنڈنگ کیس سے متعلق جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم ( جے آئی ٹی) بنا کر عمران خان کا نام فوی طور پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عمران خان میں جرات ہے تو برطانیہ جا کر فنانشل ٹائمز کے خلاف مقدمہ درج کرائیں۔ جو مخالفین کو چور کہتا تھا اس کے حوالے سے فنانشل ٹائمز نے خبر دی، اس رپورٹ کے بعد کوئی وضاحت نہیں آئی۔

شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ ہم لاڈلے کو نہیں مانتے اور ایک ملک میں دو پارٹیوں کے لیے الگ الگ قانون نہیں چاہتے، ملک میں لاڈلا ازم کا خاتمہ ہوناچاہیے ناانصافی ختم ہونی چاہیے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کیا اب ہمارےملک میں اسرائیل اوربھارت کےپیسوں سےسیاست ہوگی۔ اسرائیل، بھارت، پی ٹی آئی کو پیسے دے سکتا ہے تو ان کے تھنک ٹینک بھی کام کر سکتے ہیں۔ بہروپیے کے چہرے سے نقاب اتارا جائے اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ اکبر ایس بابر نے عمران خان کو غیر ملکی فنڈنگ کی بات کی جو حقیقت ہے، ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایاجائے، ذوالفقار علی بھٹو کا ریفرنس عدالت میں موجود ہے، وزیراعظم سے پی ٹی آئی فنڈنگ تحقیقات کےلیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی درخواست کرتے ہیں۔

وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ وفاق چاہے تو فنانشل ٹائمزکی خبر پر عمران خان کو گرفتار کرسکتا ہے، عمران خان کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں ڈالا جائے، اور ان کی دو نمبری اور ان پر لگنےوالے الزامات پر جے آئی ٹی بننی چاہیے، اور جے آئی ٹی کو تحقیقات کیلئے ٹائم فریم دیاجائے۔