پی ٹی آئی، اے پی ایم ایل، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کا امریکا میں فنڈز اکٹھا کرنے کا انکشاف

پی ٹی آئی، اے پی ایم ایل، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کا امریکا میں فنڈز اکٹھا کرنے کا انکشاف
پاکستان کی چاروں بڑی سیاسی جماعتوں پی ٹی آئی، اے پی ایم ایل، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے امریکا میں فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے فرم رجسٹرڈ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

سماء نیوز میں شائع زاہد گشکوری کی تحقیقاتی سٹوری کے مطابق تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ آل پاکستان مسلم لیگ نے فرمز رجسٹر کروائیں۔ جن کا مقصد امریکا میں ان سیاسی جماعتوں کیلئے فنڈز اکٹھا کرنا تھا۔ تحریک انصاف نے چندہ اکٹھا کرنے کیلئے کئی فرموں کو رجسٹرڈ کروایا جبکہ ایک فرم پی ٹی آئی یو ایس اے ایل ایل سی کے نام سے رجسٹر ہوئی۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی فنڈ اکٹھا کرنے کیلئے فرم رجسٹرکرائی۔ فرم سابق صدر آصف علی زرداری کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔ اے پی ایم ایل کیلئے بالترتیب 2011ء میں ایک لاکھ 30 ہزار اور 2012ء میں 33 ہزار 500 ڈالر اکٹھے کئے تھے۔

سابق صدر پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کی بھی امریکا میں رجسٹریشن کا انکشاف ہوا ہے۔ اس سلسلے میں اے پی ایم ایل نے امریکا میں تین فرموں کو ہائر کیا۔ جس کیلئے رضا بخاری اور عدیل شاہ کی خدمات حاصل کی گئیں اور ان کے ذریعے فرمز ہائر کی گئیں۔ پرویز مشرف کیلئے 2 لاکھ 70 ہزار ڈالرز فنڈ اکھٹے کئے گئے۔

دستاویزات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے بھی امریکا میں فرم کو بحیثیت این پی او رجسٹر کرایا۔ اس رجسٹریشن کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پر ایم کیو ایم کی جانب سے نائن زیرو کا پتا درج کرایا گیا۔ اس سلسلے میں عباد الرحمان اور اعجاز صدیقی نے امریکا سے ایم کیوایم کیلئے فنڈنگ کی۔ یہ فنڈنگ ایم کیو ایم کے پاکستان میں‌ متعدد پراجیکٹس کیلئے استعمال کی گئی۔

اسی طرح سال 2015 میں سجاد برکی اور فیصل ارشاد نے 75 ہزار ڈالر جمع کیے، فیصل ارشاد اور سجاد برکی دونوں امریکی شہریت رکھتے ہیں اور دونوں نے سال 2017 میں 117 ہزار ڈالرز کی فنڈنگ کی۔

دستاویز میں یہ بھی درج ہے کہ دوسری فرم ساجد برکی کے نام سے رجسٹر کروائی گئی، پی ٹی آئی نے سال 2010 میں 2.344 ملین ڈالرز اکھٹے کیے، جب کہ سال 2014 میں‌ امریکی شہری آفتاب شاہ نے 75ہزار ڈالرز پی ٹی آئی کو ٹرانسفر کیے۔

بشکریہ: سماء نیوز