'پی ٹی آئی کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوئی تو رقم بحق سرکار ضبط ہو جائے گی'

'پی ٹی آئی کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوئی تو رقم بحق سرکار ضبط ہو جائے گی'
فوزیہ یزدانی نے کہا ہے کہ پولیٹیکل پارٹیز آرڈیننس 6،4 یہ کہتا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پر وہ رقم جو ممنوعہ ہو وہ بحق سرکار ضبط ہو جائے گی، امید ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے یہی فیصلہ آئے گا۔

نیا دور ٹی وی کے پروگرام ''خبر سے آگے'' میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کل الیکشن کمیشن کے فیصلے میں اگر عمران خان صادق اور امین نہیں رہتے تو پھر چودھری پرویز الٰہی کی کتنی ویلیو رہ جائے گی؟

پروگرام میں شریک مہمان احمد ولید کا کہنا تھا کہ اس وقت اسلام آباد میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے، جس سے یوں لگتا ہے کہ فیصلہ ایسا آئے گا جس سے پی ٹی آئی کو کافی ڈینٹ پڑے گا۔

احمد ولید کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی صورت میں تھوڑا سا بھی نیگیٹو فیصلہ آتا ہے تو تحریک انصاف کے اوپر بہت بڑا داغ ہوگا کہ ایک پارٹی جو مدینہ کی ریاست بنانے چلی تھی، اس نے کس طرح آنے والی فنڈنگ کو چھپایا۔

آج چودھری پرویز الٰہی کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امید تھی کہ چودھری شجاعت بڑا فیصلہ لینے جا رہے ہیں مگر ایسا نہیں ہوا انہوں نے پرویز الٰہی کو کہا کہ واپس آجاؤ۔ وہ اپنی فیملی کو سمجھا رہے ہیں کہ آپ بھٹک گئے ہو واپس آجاؤ، مگر پرویز الٰہی اب واپس نہیں آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین کو بڑا فیصلہ کرنا چاہیے تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر پرویز الٰہی کیخلاف ایکشن لے رہے ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ آج کی چودھری شجاعت کی پریس کانفرنس کی مجھے اتنی ہی سمجھ آئی جتنی ہمیں ان کی گفتگو کی سمجھ آئی ہے۔ ق لیگ ایک کنگ پارٹی ہے جو پنڈی، اسلام آباد میں کنگ ہوگا، یہ پارٹی ان کی نمائندہ ہوگی۔ یہ آج بھی ہے اور کل بھی رہے گی۔ پنجاب میں جو بساط بچھائی گئی ہے اس کو نظر انداز نہ کریں چودھری پرویز الٰہی کو اقتدار منتقل ہو چکا ہے۔