عمران خان کو نااہل کرانےکیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائےگا، حکومت نے فیصلہ کرلیا

عمران خان کو نااہل کرانےکیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائےگا، حکومت نے فیصلہ کرلیا
حکومتی اتحاد میں شامل تمام جماعتوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران کو نااہل کرانے کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حالیہ اجلاس میں کیا گیا ہے۔

وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں حکومتی اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔

اس اہم اجلاس میں لندن سے ویڈیو لنک پر نواز شریف اور اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے۔ جبکہ کشور زہرہ، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیرپاؤ، رانا تنویر، اعظم تارڑ، مریم اورنگزیب، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، فاروق ایچ نائیک، پلوشہ بہرام، فیصل کریم کنڈی اور خورشید شاہ سمیت تمام اہم رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس میں عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں شامل کرانے پر بھی اتفاق ہوا۔ وفاقی کابینہ کل اجلاس میں نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق فیصلہ کرے گی۔

پی ڈی ایم اجلاس میں تمام رہنمائوں کی جانب سے متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دلانے کیلئے جلد از جلد ایک ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کرا دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کو نااہل کرانے کے لئے یہ ریفرنس آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت دائر کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ یہ بھی خبریں ہیں کہ کابینہ جمعرات مورخہ 4 اگست کو ممنوعہ فنڈنگ کیس پر سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے گی۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر کارروائی اور طریقہ کار کا فیصلہ بھی کل وفاقی کابینہ کرے گی۔

ذرائع کے مطبق تحریک انصاف کے بے نامی اکاؤنٹس اور کرمنل کیسز سے متعلق کارروائی کا فیصلہ بھی کل کیا جائے گا۔