قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ پی ڈی ایم قیادت پر پھٹ پڑے

قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ پی ڈی ایم قیادت پر پھٹ پڑے
حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اندرونی کہانی سامنے آگئی، چھوٹی جماعتوں کا ملک میں مہنگائی پر سخت موقف، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ پی ڈی ایم قیادت پر پھٹ پڑے۔

ذرائع کے مطابق آفتاب احمد خان شیر پائو کا پی ڈی ایم اجلاس میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے اپنی اتحادی حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کا حصہ نہیں مگر عوام کا نزلہ ہم پر گر رہا ہے۔

آفتاب شیر پائو کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت کو اب کارکردگی دکھانا ہوگی۔ ہم اس قابل نہیں رہے کہ اب عوام میں جا سکیں۔ اتحادیوں کو مل کر عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔

دوسری جانب اگر پاکستان میں مہنگائی کی صورتحال کو دیکھا جائے تو یہ چیز سب کو معلوم ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا براہِ راست اثر مہنگائی پر پڑتا ہے۔

تاہم مسئلہ صرف پیٹرولیم مصنوعات کا نہیں ہے بلکہ نیپرا کی جانب سے جمعرات کو جولائی کے مہینے سے 7.91 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس ممکنہ اضافے کا اثر عام عوام کی جیب پر براہِ راست تو پڑے گا ہی، لیکن ساتھ اس کے باعث مہنگائی میں بھی اضافہ ہو گا۔

قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ نے پی ڈی ایم کے اجلاس میں اسی جانب اشارہ کیا ہے۔