شہباز گل نے عمران خان کی ہدایت پر بیان دیا، تمام ثبوت پیش کرینگے:مریم اورنگزیب

شہباز گل نے عمران خان کی ہدایت پر بیان دیا، تمام ثبوت پیش کرینگے:مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے چیف آف سٹاف، ترجمان اور نمائندے ڈاکٹر شہباز گل نے جو بیان دیا، وہ عمران خان کی ہدایت پر دیا، تمام ثبوت عوام کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔

عمران خان کی تقریر کے ردعمل میں مریم اورنگزیب کا اپنی پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ آج ایک شخص ٹی وی سکرین پر نمودار ہوا جو خوف اور گھبراہٹ کا شکار تھا۔ لائٹ اور کیمرہ دینے والے بھی آج عمران خان کی پریس ٹاک سے غائب تھے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے آج بار بار کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو فوج سے لڑانے اور ان کی پارٹی کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ انہوں نے توشہ خانہ میں کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔ اگر کوئی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا رہا ہے تو اس شخص کا نام عمران خان ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صاحب! آپ کے چیف آف اسٹاف اور ترجمان نے آپ کا لکھا ہوا سکرپٹ اے آر وائے ٹی وی چینل پر پڑھا۔ اے آر وائے نے تمام صحافتی تقاضوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اسے آن ایئر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اس لئے گھبرائے ہوئے تھے کہ انہوں نے اپنی پارٹی کے سوشل میڈیا کے ٹرولز کے ذریعے شہدا کے خلاف مہم چلائی۔ عمران خان نے ان شہدا کے خلاف مہم چلائی جنہوں نے وطن عزیز کے لئے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کئے۔



انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اکسانے پر سوشل میڈیا پر شہدا کے خلاف بھرپور مہم چلائی گئی۔ جب ٹرولرز پکڑے گئے تو انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے کہنے پر یہ مہم چلائی۔ یہ مہم پاکستانیوں، شہدا کی فیملیوں اور مسلح افواج کے خاندانوں نے بھی دیکھی۔ کوئی محب وطن پاکستانی اپنی فوج اور شہدا کے بارے میں ٹرولنگ کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو نفرت کے بیج عمران خان نے بوئے آج وہ اسے کاٹ رہے ہیں۔ عمران خان کی پوری سیاست نفرت، فتنہ، انتشار، غنڈہ گردی اور فساد پر مبنی ہے۔ شہدا کی فیملیوں کے خلاف مہم پی ٹی آئی کے ٹرولرز اور بشریٰ بی بی کے بیٹے ارسلان نے چلائی۔

ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے ساتھ لڑائی عمران خان نے شروع کی۔ آج عمران خان اپنا موازنہ نواز شریف کے ساتھ کرتے ہیں۔ نواز شریف تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم تھے۔ ان کے سینے میں بھی راز تھے لیکن انہوں نے ملک کی خاطر خاموشی اختیار کی۔ نواز شریف نے اس وقت کہا تھا کہ ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں، آج بھی ہمارا یہی موقف ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ ادارہ سیاست میں مداخلت کرے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ اگر ادارہ ان کی کرسی نہ بچائے تو وہ جانور ہے۔ عمران خان کے ترجمان نے کہا کہ لانس نائیک سے لے کر بریگیڈیئر تک پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ منسلک ہیں۔ عمران خان نے انہیں اپنے اوتھ کی خلاف ورزی کرنے پر اکسایا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے فوج کی کمان کے احکامات ماننے سے انکار کرنے پر انہیں اکسایا۔ عمران خان نے خیالی میڈیا سیل کو حکومت پاکستان کے ساتھ جوڑا اور الزام عائد کیا کہ یہ میڈیا سیل حکومت پاکستان کے ساتھ شہدا کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔ یہ عمران خان کی ذہنیت ہے، وہ ملک میں آگ لگانا چاہتے ہیں، انہوں نے اداروں کے اندر بغاوت کی کال دی۔