عمران خان کے 2018 میں 4 کروڑ کے اثاثے اب 30 کروڑ تک پہنچ گئے، تفصیلات سامنے آگئیں

عمران خان کے 2018 میں 4 کروڑ کے اثاثے اب 30 کروڑ تک پہنچ گئے، تفصیلات سامنے آگئیں
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں، انہوں ںے 2018 کے انتخابات میں اپنے اثاثے 3 کروڑ اور 80 لاکھ روپے ظاہر کیے تھے جو اب 30 کروڑ تک پہنچ چکے ہیں جبکہ انہوں نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے نام 698 کنال اراضی بھی ظاہر کی ہے جبکہ اس سے قبل انہوں نے اپنی اہلیہ کی 431 کینال کی اراضی ظاہر کی تھی۔

تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخاب این اے 108 فیصل آباد کے لیے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی کاپی سامنے آگئی جس کے ساتھ ہی عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔

کاغذات میں عمران خان نے 30 کروڑ 42 لاکھ 78 ہزار 495 روپے کے اثاثے ظاہر کیے ہیں، عمران خان نے زوجہ بشری بی بی کے نام پاکپتن اور اوکاڑہ میں 698 کنال اراضی ڈکلئیر کی ہے۔

عمران خان نے زوجہ کے نام پر تین کنال پر بنا ہوا بنی گالا کا گھر، وراثت میں ملنے والے دو گھر، بھکر میں 228 کنال زمین بھی ڈیکلئیر کی، زمان پارک گھر کی تعمیر پر 4 کروڑ 86 لاکھ 60 ہزار روپے خرچ کیے، 2020ء میں بنی گالا میں اضافی تعمیرات پر 39 لاکھ 54 ہزار اناسی روپے لگائے۔

کاغذات کے مطابق عمران خان کا اسلام آباد میں کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر ایک فلیٹ اور ایک کمرشل پلاٹ ہے جہاں سے 14 لاکھ روپے کرایہ وصول ہورہا ہے، ان کے پاس چار بکریاں جن کی مالیت دو لاکھ ہے، ان کے اور ان کی زوجہ کے پاس کوئی زیور نہیں ہے، عمران خان کی کسی بھی کمپنی میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہے۔

کاغذات نامزدگی کے مطابق عمران خان کے پاس ایک کروڑ 12 لاکھ 29 ہزار 398 روپے ہیں، انہوں نے چار بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی ظاہر کی ہیں، عمران خان کے ایک اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 23 ہزار 587 ڈالرز موجود ہیں۔

سال 2021 میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کی تھیں جس کے مطابق عمران خان کے سال 2020 کی نسبت 2021 کے اثاثوں میں 6 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔

الیکشن کمیشن کی 2021 کی دستاویز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 14 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، سال 2020 میں اثاثوں کی کل مالیت 8 کروڑ روپے سے زائد تھی جبکہ سال 2020 میں 7 کروڑ روپے سے زائد کا قرض تھا۔

الیکشن کمیشن کی 2021 کی دستاویز کے مطابق عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع کروائی تھیں، تب بشریٰ بی بی کے پاس 431 کینال کی پاکپتن میں دو مختلف زمینیں ہیں جبکہ بشریٰ بی بی بنی گالا اسلام آباد میں 3 کینال کے گھر کی مالک بھی ہیں جبکہ اب انہوں نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے نام 698 کنال اراضی بھی ظاہر کی ہے۔