شہباز گل پر تشدد کے جھوٹے الزامات پر یوٹیوبر جمیل فاروقی کو گرفتار کر لیا گیا

شہباز گل پر تشدد کے جھوٹے الزامات پر یوٹیوبر جمیل فاروقی کو گرفتار کر لیا گیا
معروف صحافی اور یوٹیوبر جمیل فاروقی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شہباز گل پر دوران حراست تشدد کیے جانے کے ’جھوٹے الزامات لگانے‘ پر کراچی سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ’جمیل فاروقی کے خلاف اسلام آباد کیپیٹل پولیس پر جھوٹے الزامات لگانے کا مقدمہ 22/701 تھانہ رمنا میں درج ہے، ملزم نے اپنے وی لاگ میں اسلام آباد کیپیٹل پولیس پر جھوٹا الزام لگایا تھا کہ ملزم شہباز شبیر (شہباز گل) پر پولیس نے جسمانی اور جنسی تشدد کیا‘۔

ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ’اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے اشتعال انگیز، من گھڑت اور جھوٹے الزامات لگانے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا تھا‘۔

بعدازاں اسلام آباد پولیس کی جانب سے کی گئی مذکورہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی گئی تاہم تھانہ رمنا میں درج ایف آئی آر کے مطابق جمیل فاروقی نے اپنے یوٹیوب چینل پر 19 اگست کو ایک ویڈیو اپ لوڈ کی تھی جس میں انہوں نے اسلام آباد پولیس پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے شہباز گل پر دوران حراست جنسی و جسمانی تشدد کیا ہے۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ شہباز گل نے بذات خود کسی بھی عدالتی یا انتظامی فورم پر ایسا کوئی الزام نہیں لگایا اور نہ ہی ایسی کوئی شہادت موجود ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق جمیل فاروقی نے شہباز گل کے خلاف مقدمے کی تفتیش میں رکاوٹ ڈالنے، تفتیش کو غلط رخ پر لے جانے اور غلط رنگ دینے کی کوشش کی ہے، علاوہ ازیں ملزم کے اس بیان میں پولیس کو بدنام کیا ہے اور نیک نامی کو نقصان پہنچایا ہے۔



واضح رہے کہ جمیل فاروقی یوٹیوب پر وی لاگنگ کے علاوہ بول ٹی وی چینل سے بھی بطور اینکر وابستہ ہیں اور ماضی میں سما ٹی وی، ڈان نیوز، آج نیوز اور نیو نیوز کے ساتھ بھی منسلک رہ چکے ہیں۔

بول ٹی وی کے صدر سمیع ابراہیم کی جانب سے ٹوئٹر پر کہا گیا کہ’ جمیل فاروقی کو کراچی میں اسلام آباد پولیس کی ایف آئی آر پر گرفتار کیا گیا ہے، جمعیل فاروقی نے اپنے وی لاگ کے آغاز میں ہی بتا دیا تھا کی یہ ایک ’سیاسی طنز و مزاح ہے جو ان کا صحافتی حق تھا‘۔

https://twitter.com/samiabrahim/status/1561549393207107584

سمیع ابراہیم نے کہا کہ ’اس سیاسی طنز و مزاح کو بنیاد بنا کر جمیل فاروقی کو گرفتار کرنا ایک شرمناک عمل ہے‘۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے جمیل فاروقی کی گرفتاری کی ٹوئٹ ڈیلیٹ کیے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے سمیع ابراہیم نے کیہا کہ ’اسلام آباد پولیس نے جمیل فاروقی کی گرفتاری سے متعلق ٹوئٹ کو ہٹا دیا ہے، کیا یہ کوئی نیا منصوبہ ہے‘۔

دیگر صحافیوں کی جانب سے بھی جمیل فاروقی کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے۔

https://twitter.com/AzazSyed/status/1561549584236773378

https://twitter.com/AsadAToor/status/1561547747102179331