عمران خان اور شوکت ترین کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست

عمران خان اور شوکت ترین کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست
اسلام آباد پولیس کو پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین اور پنجاب اور خیبر پختونخوا کے موجودہ وزرائے خزانہ محسن خان لغاری اور تیمور خان جھگڑا کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا کے ذریعے دو آڈیو کلپس منظر عام پر آئے جن میں شوکت ترین نامی شخص کو دونوں صوبائی وزرا کو یہ ہدایت کرتے سنا جا سکتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت اور آئی ایم ایف سے کہیں کہ وہ پاکستان میں تباہی مچانے والے حالیہ سیلاب کی روشنی میں صوبائی بجٹ سرپلس کا وعدہ پورا نہیں کر سکیں گے۔

ان آڈیوز کے بعد پی ٹی آئی کے خلاف تنقید کا آغاز ہوا اور حکمران اتحاد نے ان پر الزام لگایا کہ یہ آئی ایم ایف کے ساتھ حکومت کے معاہدے کو پٹڑی سے اتارنے کی سازش کے سوا کچھ نہیں۔

یہ درخواست ای-7 کے رہائشی امن ترقی پارٹی کے بانی اور چیئرمین محمد فائق شاہ نے تھانہ کوہسار میں جمع کرائی ہے۔

شکایت کنندہ نے بتایا کہ 29 اگست کو رات 11 بج کر 50 منٹ پر انہوں نے صحافی حامد میر کا ایک ٹویٹ دیکھا جس میں دو آڈیو شیئر کی گئیں، ان آڈیوز میں شوکت ترین صوبائی وزرا محسن لغاری اور تیمور خان جھگڑا کو ہدایت دے رہے تھے کہ وہ آئی ایم ایف کے معاہدے میں رکاوٹیں پیدا کریں۔

درخواست میں کہا گیا کہ شوکت ترین واضح طور پر کہہ رہے تھے کہ جس طرح حکومت نے پی ٹی آئی کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کیے ہیں، آئی ایم ایف کے معاہدے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے اس پر دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے، یہ بھی کہا گیا کہ فیصلہ عمران خان سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شوکت ترین نے جاوید چوہدری کے پروگرام کل تک کے دوران اعتراف کیا تھا کہ یہ پارٹی کا بیانیہ تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کے خلاف سازش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

شکایت کنندہ نے کہا کہ عمران خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سری لنکا کی طرح پاکستان بھی ڈیفالٹ کرے گا، انہوں نے الزام لگایا کہ ایسی سازشیں بیرونی طاقتوں کی ہدایت پر رچی جارہی ہیں اور یہ ملک سے غداری ہے۔

شکایت کنندہ نے پولیس سے چاروں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی۔