جنوری تا اگست 2022، ملک میں لاپتہ افراد کے 488 نئے کیسز درج ہوئے، قومی کمیشن کی رپورٹ

جنوری تا اگست 2022، ملک میں لاپتہ افراد کے 488 نئے کیسز درج ہوئے، قومی کمیشن کی رپورٹ
ملک میں لاپتہ افراد پر کام کرنے والے کمیشن کے رپورٹ کے مطابق سال کے پہلے اٹھ مہینوں ( جنوری تا اگست) ملک میں لاپتہ افراد کے 488 نئے کیسز درج ہوئے۔

پاکستان میں لاپتہ افراد پر کام کرنے والے کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق 2022ء کے پہلے آٹھ مہینوں میں لاپتہ افراد کے 488 نئے کیسز درج ہوئے۔ اعدادوشمار کے مطابق جنوری میں لاپتہ افراد کے 34، فروری میں 48، مارچ میں 76، اپریل میں 122، مئی میں 35 جبکہ جون میں 36، جولائی میں 42 جبکہ اگست کے مہینے میں 95 کیسز درج ہوئے۔

گزشتہ ماہ (اگست میں) ملک میں لاپتہ افراد کے 95 نئے کیسز درج ہوئے۔ لاپتہ افراد پر کام کرنے والے کمیشن نے اگست کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ کمیشن کے پاس لاپتہ افراد کے 95 مزید کیسز درج ہوئے۔ ملک میں ان لاپتہ افراد کی کیسز کی مجموعی تعداد 2221 ہوگئی جن کا تاحال پتہ نہیں چلا اور ان کے کیسز پر کام ہورہا ہے۔

کمیشن کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ 56 افراد کا سراغ لگایا گیا، 56 افراد میں سے 46 اپنے گھروں کو واپس لوٹے جبکہ 05 افراد فوج کے زیر نگرانی حفاظتی مراکز (انٹرنمنٹ سنٹرز) میں قید ہے۔ پانچ دیگر افراد کا سراغ بھی لگایا گیا جو لاپتہ ہونے کے بعد ملک کے مختلف جیلوں میں پائے گئے جبکہ 04 ایسے کیسز کو خارج کیا گیا جو لاپتہ افراد کے نہیں تھے۔

کمیشن کے پاس اب تک 8 ہزار 732 کیسز کا اندراج ہوچکا ہے جن میں 6 ہزار 588 کیسز پر کام مکمل ہو چکا ہے۔

کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق "کمیشن کے قیام سے اب تک لاپتہ افراد کے کل 8 ہزار 696 کیسز درج ہو چکے ہیں جن میں سے 6 ہزار 513 کیسز پر کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ 2 ہزار 219 کیسز تاحال زیر التوا ہیں۔

فوج کی زیر نگرانی حفاظتی مراکز میں کتنے لوگ قید ہیں؟

لاپتہ افراد کے کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق اس وقت فوج کے زیر نگرانی حراستی مراکز میں 970 افراد قید ہیں، جن میں سب سے زیادہ تعداد 811 خیبر پختونخوا کے رہائشیوں کی ہے۔

کمیشن کے مطابق اب تک 5 ہزار 242 افراد کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ سراغ لگائے گئے افراد میں 3 ہزار 478 افراد اپنے گھروں کو واپس لوٹ چکے ہیں جبکہ دیگر فوج کے زیر نگرانی حفاظتی مراکز اور جیلوں میں قید ہیں۔ کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق کمیشن کے پاس درج لاپتہ افراد کے کل کیسز میں سے 237 افراد کی لاشیں مل چکی ہیں۔

لاپتہ افراد کے سالانہ وار اعدادوشمار کیا ہیں؟

کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ چھ سالوں میں لاپتہ افراد کے درج ہونے والے کیسز میں سب سے زیادہ کیسز سال 2021ء میں 1470 درج ہوئے۔ سال 2016ء میں لاپتہ افراد کے 728، سال 2017ء میں 868، 2018ء میں 1098 میں، سال 2019ء میں 800 جبکہ 2020ء میں 415 کیسز درج ہوئے۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔