بڑا مشکل ہے کہ عمران خان توہین عدالت سے بچ کر نکل جائیں، ایڈووکیٹ عرفان قادر

بڑا مشکل ہے کہ عمران خان توہین عدالت سے بچ کر نکل جائیں، ایڈووکیٹ عرفان قادر
سابق اٹارنی جنرل اور ماہر قانون عرفان قادر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے تقریر میں خاتون جج سے متعلق سخت زبان استعمال کی ہے، ان کے لیے کافی مشکل ہوگی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان قادر نے کہا کہ چار نظیریں تو ہمارے سامنے ہیں ان کیسز میں معافی نہیں ملی، یوسف رضا گیلانی کا کیس بھی سامنے ہے، عدالت نے ان کو بھی نا اہل کیا۔

عرفان قادر نے کہا کہ یہ سب فیصلے سامنے رکھیں تو عمران خان کے لیےکافی مشکل ہوگی، عدالتی معاونین ٹھیک کہتے ہیں کہ توہین عدالت کا قانون ہونا نہیں چاہیے۔

سابق اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ اب وہ پرانا قانون ہے تو اس کے مطابق ہی عدالت کے لیے ان کو چھوڑنا کافی مشکل ہوگا۔

عرفان قادر نے کہا کہ یہ کیا معافی ہے کہ عدالت بار بار کہہ رہی ہے کہ معافی مانگیں، اس وقت پاکستان کا عدالتی نظام خود آن ٹرائل ہے، بڑا مشکل ہے کہ عمران خان اس توہین عدالت سے بچ کر نکل جائیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے خاتون جج کو دھمکیاں دینے سے متعلق توہین عدالت کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر فرد جرم عائد کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 رکنی بینچ نے کی، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، ان کے وکیل حامد خان اور دیگر وکلا عدالت میں موجود تھے۔

فیصلہ سناتے ہوئے چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ ہم عدالتی معاونین کے مشکور ہیں ، دو ہفتے بعد 22 ستمبر کو عمران خان پر فرد جرم عائد کی جائےگی، عمران خان کا جواب تسلی بخش نہیں۔