500 سرکاری افسران دہری شہریت کے حامل ہیں: چیئرمین نادرا

500 سرکاری افسران دہری شہریت کے حامل ہیں: چیئرمین نادرا
اسلام آباد: نینشل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ نادرا ریکارڈ کے مطابق اس وقت مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے 500 افسران دہری شہریت کے حامل ہیں۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہری شہریت کے حامل کئی افسران نے پاکستانی شہریت ترک کرنے کے لئے نادرا میں درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ کمیٹی نے دہری شہریت کے حامل تمام سرکاری افسران کی فہرست طلب کر لی ہے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بدھ کو ہونے والے اجلاس میں دہری شہریت کے حامل سرکاری افسران کا معاملہ زیر غور آیا۔ چیئرمین نادرا کے انکشاف کے بعد پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ردعمل دیا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے اور دہری شہریت کے حامل افسران کا اہم عہدوں پر تعینات ہونا لمحہ فکریہ ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اگر ڈی جی نادرا خیبر پختونخوا دہری شہریت کا حامل ہے تو افغانستان کے قریب خیبر پختونخوا میں یہ تعیناتی حساس معاملہ ہے۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ بعض افغان مہاجرین پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رہے ہیں، ان پر نظر رکھی جائے۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ڈی جی نادرا خیبرپختونخوا کو ہٹانے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔