اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ڈومیسائل فیس کی مد میں شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورے

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ڈومیسائل فیس کی مد میں شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورے
اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی فیسوں میں 61 لاکھ روپے سے زیادہ کی مبینہ خرد برد کا انکشاف ہوا ہے۔ نیا دور میڈیا کے پاس موجود آڈٹ دستاویزات کے مطابق اسلام آباد کے شہریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی فیسوں میں ضلعی انتظامیہ نے 61 لاکھ 54 ہزار 500 روپے کی خرد برد کی۔ دستاویزات کے مطابق ڈومیسائل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے حکومت نے 200 روپے فیس مقرر کی مگر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یہ فیس خلاف قانون 700 روپے وصول کی جاتی رہی۔

دستاویزات کے مطابق سال 2018-19 کے دوران اسلام آباد کے شہریوں کو 12،309 ڈومیسائل جاری کئے گئے اور فیس کی صورت میں ان سے 86 لاکھ 16 ہزار 300 روپے وصول کئے گئے۔ وصول کی گئی اس رقم میں سے 61 لاکھ 54 ہزار 500 روپے خلاف قانون لئے گئے اور اس اضافی رقم کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔ یہ رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی اور نہ ہی اس کے بارے میں ضلعی انتظامیہ نے کوئی جواب دیا ہے۔