ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 8 اعشاریہ 01 فیصد کی کمی

ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 8 اعشاریہ 01 فیصد کی کمی
اسلام آباد: حکومت کے مطابق ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 8 اعشاریہ 01 فیصد کی کمی آئی ہے جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 29.28 فیصد رہ گئی ہے۔

ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر، پیاز، دال مسور، گھی، لہسن سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 12 روپے جبکہ پیاز کی فی کلو قیمت میں 39 پیسے کی کمی آئی ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق آٹے، دال چنا، آلو، دال مونگ، انڈے، چینی، زندہ مرغی اور دال ماش کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 297 روپے سے زائد مہنگا ہوا۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا 1323 روپے سے مہنگا ہو کر 1621 روپے کا ہو گیا، دال چنا کی فی کلو قیمت میں 6.37 روپے کا اضافہ ہوا اور فی کلو قیمت 257.50 روپے ہو گئی۔ دال مونگ کی فی کلو قیمت 248.80 روپے سے بڑھ کر 252 روپے ہو گئی۔ چینی کی فی کلو قیمت میں 71 پیسے کا اضافہ ہوا اور اس کی قیمت 87.64 روپے ہو گئی۔ حالیہ ہفتے میں فی درجن انڈوں کی قیمت میں 1.47 روپے کا اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 12.76 روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔