آرمی چیف کی تعیناتی پر کسی کی نہ سنیں؛ چودھری شجاعت کا وزیراعظم کو مشورہ

آرمی چیف کی تعیناتی پر کسی کی نہ سنیں؛ چودھری شجاعت کا وزیراعظم کو مشورہ
مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے اور انہیں آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے مشورہ بھی دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ یہ حساس اور قومی ذمہ داری والا معاملہ ہے، اس معاملے پر کسی کی نہ سنیں اور آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔ چودھری شجاعت کے مشورے پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بالکل ایسا ہی ہوگا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے چودھری شجاعت سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا جس پر چودھری شجاعت نے وزیراعظم سے مہنگائی کم کرنے کا مطالبہ کیا اور مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آپ مہنگائی کم کردیں، میری صحت مزید بہتر ہو جائے گی۔ چودھری شجاعت کے جواب پر وزیراعظم نے کہا کہ ڈار صاحب نے آ کر ڈالرکی قیمت کم کر دی ہے، اب مہنگائی کم کرنے پرتوجہ ہے۔ اس پر چودھری شجاعت نے کہا کہ وزیراعظم صاحب، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں مگر عوام کو ریلیف دیں، تیل کی قیمتوں میں کمی لائیں اور کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں کم کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت کے صاحبزادے چودھری سالک وزیراعظم کے ہمراہ اگلے ماہ چین بھی جائیں گے۔