عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کر دیا

عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کر دیا
عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعت مذاکرات سے مسئلے حل کرتی ہے، بندوق سے نہیں کرتی۔ مجھے پورا یقین ہوگیا ہے کہ یہ اب الیکشن نہیں کروائیں گے کیونکہ یہ خوف زدہ ہیں۔ اسی لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ مارچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعہ کو لانگ مارچ کر رہا ہوں۔ لبرٹی چوک لاہور سے ہمارا لانگ مارچ صبح 11 بجے شروع ہوگا۔ جی ٹی روڈ سے عوام کو لیتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں عوام کا سب سے بڑا سمندر ہوگا۔ ہمارا لانگ مارچ مکمل طور پر پرامن ہوگا۔ 26 سال سے سیاست کر رہا ہوں اور ہمیشہ پرامن احتجاج کیا ہے۔ جب لاکھوں لوگ آ رہے ہوں گے تو پولیس کچھ نہیں کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں کون حکومت کرے گا یہ فیصلہ پاکستانی عوام کا ہونا چاہئیے، باہر سے لائے ہوئے لوگوں کو حکومت کیوں کرنے دیں۔ یہ فیصلہ کن وقت ہے۔ عوام سے کہوں گا کہ فیصلہ کریں کہ ہم نے آزاد ملک بننا ہے یا چوروں کی غلامی کرنی ہے۔ یہ جہاد فیصلہ کرے گا کہ پاکستان نے کس طرف جانا ہے۔ یہ ہماری حقیقی آزادی کا مارچ ہے۔ یہ سیاست نہیں بلکہ جہاد ہے۔ جب تک زندہ ہوں ان چوروں کا مقابلہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اتنے برے معاشی حالات میں ہم نے تین لانگ مارچز کا سامنا کیا۔ فضل الرحمن نے ہمارے خلاف 2 لانگ مارچ کیے، بلاول نے بھی ایک مارچ کیا۔ مریم نواز نے بھی ایک لانگ مارچ کیا جو گوجر خان میں ہی رہ گیا تھا۔

25 مئی کا لانگ مارچ ملک کو انتشار سے بچانے کے لیے ختم کیا۔ جولائی کا ضمنی الیکشن جب ہم جیت گئے تو ہمارے خلاف کیسز کی بارش شروع ہو گئی۔ صحافیوں پر تشدد کیا گیا، ٹی وی چینل بند کر دیے گئے۔ نیب قوانین میں اپنی کرپشن بچانے کے لیے مخصوص ترامیم کروائیں۔ یہ اور ان کے ہینڈلرز سمجھتے ہیں کہ ہم بھیڑ بکریاں ہیں۔ آصف زرداری کو چیلنج کرتا ہوں کہ یہ سندھ میں مجھ سے الیکشن جیت کر دکھائیں۔