وزیراعظم وطن واپسی مؤخر، واپس نہ آنے کی وجہ سامنے آگئی

وزیراعظم وطن واپسی مؤخر، واپس نہ آنے کی وجہ سامنے آگئی
وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان واپسی مؤخر ہونے کی وجہ سامنے آ گئی۔ ناساز طبیعت کے باعث فیملی نے انہیں سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف چند روز قبل لندن گئے تھے اور انہیں گزشتہ روز پاکستان کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم انہوں نے اپنا قیام ایک روز کے لیے بڑھا دیا تھا جس کے بعد انہیں آج وطن کے لیے روانہ ہونا تھا۔

تاہم وطن واپسی کے لیے ائیر پورٹ روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کو ہلکا بخار محسوس ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ناساز طبیعت کے باعث فیملی نے انہیں سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا جس کے باعث انہوں نے اپنی پاکستان روانگی ایک روز کے لئےمؤخر کر دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی کل متوقع ہے، وزیراعظم نے نجی پرواز کے ذریعے ہیتھرو ائرپورٹ سے روانہ ہونا تھا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے قائد اور اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے لندن میں قیام کے دوران متعدد ملاقاتیں کی جس میں ملکی سیاست اور نئے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق مشاورت کی گئی۔پاکستان میں اتحادی سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے ہوئے۔ شریف برادران نے حکومت کی مدت پوری کرنے پر اتفاق کرلیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ چاہے کچھ بھی ہو، حالات اور نتائج کیسے بھی ہوں، وزیراعظم کسی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے۔