نواز شریف سفارتی پاسپورٹ ملتے ہی بیٹی مریم نواز کے ساتھ یورپ روانہ

نواز شریف سفارتی پاسپورٹ ملتے ہی بیٹی مریم نواز کے ساتھ یورپ روانہ
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سفارتی پاسپورٹ ملتے ہی اپنے بیٹے حسین نواز اور بیٹی مریم نواز، نواسے جنید صفدر کے ہمراہ یورپی ممالک کی سیر پر روانہ ہو گئے۔

فیملی ذرائع  کے مطابق اگلے دس دنوں میں نواز شریف اور ان کی فیملی پانچ یورپی ممالک کا دورہ کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی فیملی گزشتہ رات ایک یورپی ملک پہنچی ہے۔ یہ لندن واپسی کے بعد تین سالوں میں  کسی بھی ملک کے لئےان کا پہلا دورہ ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو وطن واپسی سے قبل علاج مکمل کرانے کی تجویز دی گئی ہے اور اس سلسلے میں نوازشریف کی شریانوں کا علاج امریکا سے کرایا جائے گا۔ مریم نواز بھی والد کیساتھ امریکا جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق امریکا سے واپسی پر نواز شریف کا برطانیہ میں بھی ایک آپریشن ہو گا جس کے بعد نواز شریف وطن واپسی کا ٹائم فریم بتایا جائے گا۔ نواز شریف اور مریم نواز اکھٹے پاکستان واپس آئیں گے۔

واضح رہے کہ نواز شریف تین سال قبل 20 نومبر 2019 کو علاج کی غرض سے لندن گئے تھے، عدالتوں سے مفروری پر پی ٹی آئی حکومت نے ان کا پاسپورٹ منسوخ کردیا تھا

تاہم موجودہ حکومت نےکچھ دن قبل ہی نوازشریف کو پاسپورٹ جاری کیا تھا، نواز شریف کو جاری کیا جانے والا یہ سفارتی پاسپورٹ ہے جس کی مدت دس سال ہے یہ ترجیحی بنیاد پر عام کیٹیگری میں جاری کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے بڑے بھائی میاں نوازشریف کو سفارتی پاسپورٹ اور اسحاق ڈار کو عام پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔