'نئے آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو تقرری پر مبارک باد '

'نئے آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو تقرری پر مبارک باد '
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت  نے جنرل سید عاصم منیر کو بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور  جنرل ساحر شمشاد مرزا کو بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات ہونے پر مبارک باد دی اور کہا کہ فوج کی نئی قیادت سے ہماری توقع ہے کہ وہ ملک میں آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرے گی اور عوام کو نئے انتخابات کے ذریعے ملک کی نئی قیادت چننے کے حق کو تسلیم کیا جائے گا۔ ہم ملک کی سلامتی اور اداروں کے استحکام کے لیے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھی ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کا مؤقف واضح ہے کہ ہم ملک کی سلامتی اور اداروں کے استحکام کے لیے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔ دونوں شخصیات کو نئی تقرری پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

اعلامیے میں ملکی صورت حال کے حوالے سے کہا گیا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے واقعات نے واضع طور پر ملک میں تفریق پیدا کی۔ ان آٹھ ماہ میں جو اقدامات اٹھائے گئے ان سے ملک اور اداروں کو شدید نقصان پہنچا۔ ملک میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی دیکھنے میں آئی۔ صحافتی اداروں اور صحافیوں کو شدید دباؤ اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ارشد شریف جیسے نامور صحافی کو شہید کر دیا گیا۔

پی ٹی آئی اعلامیے میں ملک میں شدید معاشی بحران کے حوالے سے  کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور سب سے بڑے لیڈر عمران خان کو دیوار سے لگانے کی کوششوں کے نتیجے ملک بدترین سیاسی عدم استحکام کا شکار ہو گیا اور اس سیاسی عدم استحکام نے ملک میں شدید معاشی بحران کو جنم دیا۔

تحریک انصاف نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری توقع ہے کہ فوج کی نئی قیادت ملک میں آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی اور عوام کو نئے انتخابات کے ذریعے ملک کی نئی قیادت چننے کے حق کو تسلیم کیا جائیگا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ عوام توقع رکھتی ہے کہ فوج ملک کے بیرونی خطرات کے ساتھ ساتھ اندرونی معاملات پر غیر جانبدارانہ مؤقف اپنائے گی اورسیاسی جماعتوں کے سیاسی حقوق سلب نہیں کئے جائیں گے ۔ ملک میں جاری بحران کا واحد حل نئے انتخابات ہیں اور اس ضمن میں پاکستان کا درد رکھنے والے تمام اداروں اور شخصیات کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

ایوان صدر سے تقرریوں کا اعلامیہ جاری

دوسری جانب، لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی جنرل کے عہدے پر ترقی اور تعیناتی کا اعلامیہ ایوان صدر سے جاری کردیا گیا ۔

جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کی فی الفور جنرل کے عہدے پر ترقی اور بطور چیف آف آرمی اسٹاف تعیناتی کر دی۔  جنرل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف تعیناتی کا اطلاق 29 نومبر 2022 سے ہوگا۔

جاری اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت نے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی جنرل کے عہدے پر ترقی اور ان کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی کی سمری پر بھی دستخط کردیئے۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی کا اطلاق 27 نومبر 2022 سے ہوگا۔

صدر مملکت نے دونوں ترقیاں اور تعیناتیاں آئین کے آرٹیکل 243 (4) اے اور بی کے تحت کیں۔