اپر چترال کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز بونی میں تزئین و آرائش کا کام شروع ہو گیا

اپر چترال کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز بونی میں تزئین و آرائش کا کام شروع ہو گیا
ضلع اپر چترال کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز بونی میں تحصیل میونسپل انتظامیہ نے بونی بازار کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ڈسٹ بن رکھنے کے ساتھ ساتھ قصاب حانہ اور سٹریٹ لائٹ کا بھی افتتاح کروایا جس سے نہ صرف یہاں کے لوگوں کو سہولت میسر ہوگی بلکہ اس نومولود ضلع کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔ نومولود ضلع اپر چترال کے ضلعی ہیڈکوارٹرز بونی میں تحصیل میونسپل انتظامیہ یعنی TMA نے بیوٹیفیکیشن پر کام شروع کروایا۔

تحصیل میونسپل آفیسر مصباح الدین نے چارج لیتے ہی بونی بازار میں کوڑے دان رکھوائے تا کہ بونی شہر صاف ستھرا رہے۔ انہوں نے بونی میں نیا قصاب خانہ کھولنے کے ساتھ ساتھ بازار میں سٹریٹ لائٹس بھی لگائیں تا کہ شہریوں اور دکان داروں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ اس موقع پر تحصیل مستوج کے چیئرمین سردار حکیم مہمان حصوصی تھے جنہوں نے فیتہ کاٹ کر ان منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ان منصوبوں سے نہ صرف یہاں کے دکانداروں اور عوام کو سہولت ہوگی بلکہ اس سے اس دور افتادہ ضلع کی سیاحت بھی فروغ پائے گی۔


بونی بازار کی تاجر یونین کے صدر محمد شفیع اور جنرل سیکرٹری محمد ذاکر زحمی نے بھی ٹی ایم اے کے ان کاموں کو سراہتے ہوئے صوبائی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ ضلع اپر چترال جیسے نومولود ضلع کو اس کی ضرورت کی مطابق فنڈ فراہم کیا جائے تاکہ یہاں ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ نہ آئے۔ صدر تاجر یونین نے صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ ابھی تک کسی صوبائی وزیر نے اس ضلع کا دورہ نہیں کیا۔ کم از کم صوبائی وزرا کو یہاں آ کر عوام کے مسائل سن کر ان کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئیے۔

بونی کے سابق ہوٹل مینجر نورمحمد، سماجی و سیاسی کارکن عبدالطیف اور تاجر عبد الرزاق نے کہا کہ اس ضلع میں اس قسم کے کاموں سے ایک جانب عوام کو سہولت ہوگی تو دوسری جانب یہاں کی سیاحت بھی فروغ پائے گی کیونکہ ضلع اپرچترال سیاحت کا مرکز ہے۔ یہاں شندور، بروغ، قاقلشٹ کے مقام پر جو پولو ٹورنامنٹ اور تہوار منائے جاتے ہیں ان کو دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں سیاح یہاں آتے ہیں۔ اب یہاں کے شہریوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی سہولت ہوگی اور اس ضلع میں ان ترقیاتی کاموں سے سیاحت کو اور سیاحت سے اس ضلع کو ترقی ملے گی۔

ضلع اپر چترال کی خواتین نے بھی ان ترقیاتی کاموں پر خوشی کا اظہار کیا۔ رشیدہ بی بی جو حکمران جماعت کے خواتین ونگ کی ضلعی صدر ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہم ٹی ایم اے کے ان کاموں کو نہایت سراہتے ہیں اور یہ عوام کا دیرینہ مطالبہ بھی تھا کہ بونی میں باقاعدہ قصاب خانہ بنایا جائے اور سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں۔