'پرویز الٰہی سے بہتر چوائس ہے'، آصف زرداری کی ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ملاقات

'پرویز الٰہی سے بہتر چوائس ہے'، آصف زرداری کی ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ملاقات
اتحادی حکومت پنجاب میں اسمبلیوں کی تحلیل روکنے کے لئے سرگرم، سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری مسلم لیگ ق کے سربراہ  چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ  پہنچ گئے۔ ملاقات میں پنجاب سمیت تمام اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات میں دونوں شخصیات کے درمیان پنجاب سمیت ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور رخسانہ بنگش بھی موجود تھے۔

بعد ازاں صدر آصف زرداری نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلی فونک رابطے میں آصف زرداری کی جانب سے نواز شریف کو تجویز دی گئی کہ وقتی طور پر پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کو روک دیا جائے۔  جس کے بعد نواز شریف نے ٹیلی فونک اجلاس میں پارٹی رہنماوں کو بھی اس تجویز کے حوالے سے آگاہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری پر امید ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ عمران خان کے کہنے پر اسمبلی نہیں توڑیں گے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل نجی ٹی وہ پرانٹرویو کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری نے اسمبلیاں تحلیل ہونے اور اس صورت حال سے نمٹنے کے طریقوں پر بات کرتے ہوئے کہاتھا کہ پنجاب میں میرے پاس نمبرز ہیں اور میں نمبرز مزید بڑھا سکتا ہوں۔

پرویز الہٰی سے مفاہمت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پرویزالہیٰ کےعلاوہ بھی بہت سی بہتر چوائس ہیں، انہیں میں نے ڈپٹی وزیراعظم بنایا، 17 وزارتیں دے چکا ہوں، پرویزالہیٰ اب دوریوں میں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قبل ازوقت انتخابات جمہوریت کیلئے اچھے نہیں اور نہ ہمارے لئے اچھے ہیں۔ اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو انتخاب ہوگا اور پھر دیکھتا ہوں کہ یہ (عمران خان) کتنے ایم پی اے بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ”اسمبلیاں توڑیں گے تو ہم الیکشن لڑیں گے، اگر نہیں توڑیں گے تو ہم اپوزیشن کرتے رہیں گے۔“

آصف زرداری نے کہا، ”تھوڑے دوست گمراہ ہیں، انہیں واپس لانا ہے۔“

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا طریقہ اختیار کریں گے کہ استعفے نہ آئیں اور اسمبلیاں چلتی رہیں۔