اتحاد برقرار رکھنا ہے تو پرویز الہیٰ کو اسمبلی توڑنا ہو گی؛ فواد چودھری

اتحاد برقرار رکھنا ہے تو پرویز الہیٰ کو اسمبلی توڑنا ہو گی؛ فواد چودھری
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ اگر پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں پنجاب اسمبلی توڑنا ہو گی۔ سابق وزیر اطلاعات نے یہ بات ان افواہوں کے جواب میں کہی جو آج کل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ اسمبلی توڑنے کے حق میں نہیں ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گوجرانوالہ اور راولپنڈی سے ممکنہ انتخابی امیدواروں کے ساتھ ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ مسلم لیگ (ق) ایک خود مختار پارٹی ہے لیکن اسے ملک کی موجودہ سیاسی حقیقتوں کو دیکھ کر فیصلے لینے چاہئیں۔ انہیں یہ فیصلہ لینا ہو گا کہ وہ اگلے الیکشن میں تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد برقرار رکھنا چاہتے ہیں یا اکیلے ہی الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ کھلے عام کہہ چکے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد قائم رکھنا چاہتے ہیں۔ اسی ماہ پنجاب اور کے پی کے کی صوبائی اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی اور اس پر تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ پی ٹی آئی لیڈرشپ نے (ق) لیگ کو پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ البتہ اتحادی پارٹی کے بعض رہنما اسمبلی تحلیل کرنے والے فیصلے میں کچھ تاخیر کے حق میں ہیں۔

فواد چودھری نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت دیگر ریاستی ادارے سیاسی امور میں مداخلت کر رہے ہیں جو ان کے غیر سیاسی ہونے کے دعوؤں کی نفی ہے۔