پاکستانی کھلاڑی کھیل کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں: ویرات کوہلی

پاکستانی کھلاڑی کھیل کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں: ویرات کوہلی
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے تسلیم کیا ہے کہ انھیں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان جیسی مضبوط ٹیم کا سامنا ہے۔ اس کے کھلاڑی کھیل کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔

پاکستان کیساتھ اتوار کے روز ہونے والے اہم مقابلے سے قبل میڈیا نمائندوں سے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک یہ ہم نہیں ہے کہ ماضی میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلوں کے نتائج کیا تھے۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ ٹی ٹونٹی اور ون ڈے ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 12 میچ ہوئے جن میں پاکستان کو شکست ہوئی ہے۔



ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی ماضی کی پرفارمنس اور اپنے ریکارڈ پر کی بات نہیں کی کیونکہ ان سے ہماری کھیل پر سے توجہ ہٹ جاتی ہے۔ اہم چیز یہ ہے کہ ہم اس میچ کیلئے کتنے تیار ہیں کس قسم کی کارکردگی پیش کرتے ہیں۔

انڈین کپتان نے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ ماضی میں جتنے میچ کھیلے گئے ان میں انڈیا کو ہی برتری رہی لیکن اس کے باوجود پاکستان میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی نہ پہلے کمی تھی اور نہ اب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان بہت مضبوط ٹیم ہے۔ ہمیں ان کیخلاف اپنی بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی کیونکہ ان کے پاس ایسے بہت سے باصلاحیت کھلاڑی ہیں جو کھیل کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔


دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ہم نے بھارت کیخلاف میچ کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہم بہتر کھیل پیش کریں گے۔

ویڈیو پیغام میں بابراعظم نے کہا کہ ہم نے اپنے بہترین کمبی نیشن کا ایک دن پہلے ہی اس کا اعلان کر دیا ہے۔

انڈیا کے اچھے ٹریک ریکارڈ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریکارڈ تو ہمیشہ ٹوٹنے کے لیے ہی بنتے ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اپنا بہترین کھیل پیش کریں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بڑے مقابلے کا بہت پریشر ہوتا ہے لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ میرے کھلاڑی کسی بھی ٹیم کے خلاف خود کو ریلیکس نہیں ہونے دیتے۔