پی ایس ایل 7 کا سنسنی خیز مقابلہ، لاہور قلندرز فائنل میں پہنچ گئی، اسلام آباد یونائیٹڈ ایونٹ سے باہر

پی ایس ایل 7 کا سنسنی خیز مقابلہ، لاہور قلندرز فائنل میں پہنچ گئی، اسلام آباد یونائیٹڈ ایونٹ سے باہر
پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل 7) کے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1497280659903197187?s=20&t=1rkqb2QYnJJX_YuwvqPySQ

لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 169 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن پوری ٹیم 162 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی، زمان خان اور حارث رئوف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ ڈیوڈ ویسے کے حصے میں ایک وکٹ آئی جو انہوں نے میچ کے آخری اوور میں حاصل کی اور اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔

https://twitter.com/totalrelex/status/1497276959604228101?s=20&t=ljGiAU3PaS9r47Gl2pMkaw

لاہور قلندرز کی اننگز

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے زیادہ سودمند ثابت نہ ہو سکا کیونکہ پورے ایونٹ میں بھرپور فارم میں رہنے والے اوپنر فخر زمان پہلے ہی اوور میں صرف ایک رن بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ ان کے جاتے ہی ڈائوسن کی وکٹ بھی گر گئی۔ انہوں نے بھی مایوس کن کارکردگی دکھائی اور صرف 2 رنز بنائے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1497226962003181568?s=20&t=1rkqb2QYnJJX_YuwvqPySQ

تاہم اس کے بعد عبداللہ شفیق نے انتہائی ذمہ دای کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوبصورت بلے بازی کی۔ کامران غلام نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ عبداللہ شفیق نے 28 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 52 جبکہ کامران غلام نے 30 رنز بنائے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1497224122862026759?s=20&t=1rkqb2QYnJJX_YuwvqPySQ

لاہور قلندرز کی جانب سے دیگر بلے بازوں میں محمد حفیظ 28، ڈیوڈ ویسے 28 جبکہ سمت پٹیل 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ قلندرز کی اننگز کی خاص بات ڈیوڈ ویسے کی بیٹنگ تھی۔ انہوں نے اننگز کے آخری اوور میں پے درپے چھکے اور چوکے مار کر اپنی ٹیم کا سکور آگے بڑھایا۔ لاہور قلندرز نے مقررہ بیس اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیام ڈائوسن اور محمد وسیم نے 2، 2 جبکہ شاداب خان اور وقاص مقصود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز

لاہور قلندرز کی جانب سے دیئے گئے 169 رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا۔ یونائیٹڈ کے کھلاڑی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1497279470872502273?s=20&t=1rkqb2QYnJJX_YuwvqPySQ

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر بلے باز پال سٹرلنگ جلد ہی آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے انہوں نے صرف 13 رنز بنائے۔ تاہم وکٹ کی دوسری جانب موجود ایلکس ہیلز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹنگ کی۔

یونائیٹد کے دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی ول جیکس تھے جو بغیر کوئی رن بنائے کیچ آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اسلام آباد کی جانب سے اعظم خان 40 اور الیکس ہیلز 38 رنز بناکر نمایاں رہے لیکن اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1497279293868711940?s=20&t=1rkqb2QYnJJX_YuwvqPySQ

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 169 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی اور 162 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی، زمان خان اور حارث رؤف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان سپر لیگ 7 کا فائنل ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان 27 فروری بروز اتوار کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔