پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے پر نیوزی لینڈ نے امریکی ڈالرز میں زرتلافی ادا کردیا

پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے پر نیوزی لینڈ نے امریکی ڈالرز میں زرتلافی ادا کردیا
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے گذشتہ سال ستمبر میں پاکستان کا دورہ اچانک منسوخ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کو امریکی ڈالرز میں زرتلافی ادا کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم گزشتہ سال ستمبر میں سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر راولپنڈی میں سیریز کے پہلے میچ سے چند گھنٹے قبل ہی اپنا دورہ منسوخ کرکے پاکستان سے چلی گئی تھی۔

نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے خطے میں سفر کے حوالے سے بڑھتے ہوئے تحفظات کی روشنی میں اکتوبر میں اپنی ٹیموں کا شیڈول دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

انگلینڈ نے دورہ پاکستان سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں ہم نے انتہائی ہچکچاہٹ کے ساتھ خواتین اور مرد دونوں ٹیموں کے دورہ پاکستان سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے انگلینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان سے انکار پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انگلینڈ نے ہمارا استعمال کر کے پھینک دیا ہو۔

اس وقت کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ حکومت، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈز کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے معاملے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے وکلا سے مشاورت کرے گی۔

پی سی بی کو زرتلافی دینے کے علاوہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پانچ اضافی ٹی 20 اور پانچ ایک روزہ میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جو آئندہ سال مئی میں شیڈول کیے گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے یہ 10 وائٹ بال میچز دو ٹیسٹ اور تین آئی سی سی سپر لیگ ون ڈے میچز کے علاوہ ہیں جو دسمبر اور جنوری میں کھیلے جائیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے پی سی بی کو زرتلافی ادا کیا، تاہم ادا کی گئی رقم کی تفصیل سامنے نہیں آئی۔