برطانوی کرکٹر عادل رشید اہلخانہ کیساتھ حج کی سعادت حاصل کریں گے

برطانوی کرکٹر عادل رشید اہلخانہ کیساتھ حج کی سعادت حاصل کریں گے
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سپنر عادل رشیدحج کی سعادت کے باعث بھارت کے خلاف وائٹ بال سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ 34 سالہ عادل رشید اہلخانہ کے ساتھ رواں سال حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور ان کی کلب ٹیم یارکشائر نے انہیں رخصت دے دی ہے۔ لیگ سپنر عادل رشید بھارت کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لئے انگلینڈ ٹیم اور ٹی ٹونٹی بلاسٹ کی اپنی ٹیم یارکشائر کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

ای سی بی نے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ جولائی کے وسط میں جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ کی وائٹ بال سیریز سے پہلے ان کی واپسی ہوسکتی ہے۔  لیگ سپنر اپنی اہلیہ کے ساتھ حج کے لئے رخت سفر باندھیں گے۔

عادل رشید کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور کاؤنٹی کلب یارکشائر دونوں کی طرف سےرواں ہفتے کے آخر میں سعودی عرب جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں نے رواں سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے ای سی بی اور کائونٹی کرکٹ ٹیم یارکشائر سے بات کی اور دونوں کی طرف سے مجھے اجازت دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ عادل راشد واحد کرکٹر نہیں ہیں جو حج میں شرکت کے لیے بین الاقوامی میچوں سے محروم ہو گئے ہیں۔ بنگلا دیش کے وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری محدود اوورز کے دورے کو حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے چھوڑ دیا ہے۔